news
English

ایشیاکپ: ہائبرڈ ماڈل پر عمل ہونے میں کوئی برائی نہیں، وہاب ریاض

موجودہ حالات میں اس سے بہتر کوئی آپشن نہیں، سابق کرکٹر

ایشیاکپ: ہائبرڈ ماڈل پر عمل ہونے میں کوئی برائی نہیں، وہاب ریاض

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر اور نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کا مشیر برائے کھیل وہاب ریاض نے ایشیاکپ کے حوالے سے موقف اختیار کیا ہے کہ ہائبرڈ ماڈل پر عمل ہونے میں کوئی برائی نہیں۔

لاہور میں اسپورٹس بورڈ پنجاب کی طرف سے خواتین کے لئے پنگ گیمز منعقد کرانے کی تقریب میں بات چیت کرتے ہوئے وہاب ریاض نے کہا کہ پی سی بی نے ایشیاکپ کے لئے جو ہائبرڈ ماڈل تجویز کیا ہے موجودہ حالات میں اس سے بہتر کوئی آپشن نہیں، پاکستانی ٹیم کو ہوم گراؤنڈ پر بھی ون ڈے میچز درکار ہیں، نیوٹرل مقام پر بھی میچز سے گرین شرٹس کو ورلڈکپ کی تیاری میں مدد ملے گی۔

انہوں نے ڈیٹابیس سلیکشن کمیٹی پر ملا جلا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میدان میں پرفارمنس کے ساتھ ڈیٹا بیس معاملات سے زیادہ واضح تصویر سامنے آسکتی ہے۔ ابھی اس پر مزید کچھ نہیں کہا جاسکتا، اس پر کامیابی کے لئے نئی سلیکشن کمیٹی کے لئے نیک خواہشات ہیں۔

واضح رہے کہ ایشیاکپ کے حوالے سے بھارت نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ہائبرڈ ماڈل کو تسلیم کرنے کے لئے رضامندی ظاہر کرتے ہوئے شرط رکھی ہے کہ پاکستان کی ٹیم کو ہندوستان میں شیڈول ورلڈکپ کھیلنے کے لئے تحریری یقین دہانی کرانی ہوگی۔

ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت ایشیاکپ کے مقابلے نیوٹرل وینیو پر کھیلے گا تاہم میزبان ملک پاکستان کے بجائے سری لنکا یا متحدہ عرب امارات ہوسکتے ہیں۔