news
English

یہی بات آپ شعیب ملک سے پوچھیں، صحافی کے سوال پر ثانیہ مرزا کا جواب

ایک تقریب کے دوران صحافی نے ثانیہ مرزا سے سوال کیا کہ وہ اپنے بیٹے کی دیکھ بھال اور اپنےکیرئیر کو ایک ساتھ کیسے مینیج کر لیتی ہیں؟

یہی بات آپ شعیب ملک سے پوچھیں، صحافی کے سوال پر ثانیہ مرزا کا جواب

سابق بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے حال ہی میں ایک تقریب میں شرکت کے دوران صحافی کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں اپنے شوہر پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کا تذکرہ کردیا۔

تقریب کے دوران صحافی نے ثانیہ مرزا سے سوال کیا کہ وہ اپنے بیٹے کی تعلیم و تربیت اور اپنے کرئیر کو ایک ساتھ کیسے مینیج کر لیتی ہیں؟

ثانیہ مرزا نے صحافی کے سوال کو مضحکہ خیز اور صنفی تفریق پر مبنی سمجھتے ہوئے جواب دیا کہ جیسے وہ (شعیب ملک) مینیج کرتے ہیں ویسے ہی میں بھی مینیج کرلیتی ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ یہی سوال شعیب ملک سے بھی پوچھیں تو میں بھی آپ کو جواب دے دوں گی۔

واضح رہے کہ سابق بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور پاکستانی کرکٹ اسٹار شعیب ملک 2010 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے جبکہ پچھلے کچھ ماہ سے میڈیا میں ان کی علیحدگی کی افواہیں گردش کرنے لگی تھیں، سپورٹس اسٹار جوڑی نے افواہوں پر کسی قسم کے ردعمل کا اظہار کیا نہ ہیاپنے تعلقات کے بارے میں کسی خبر کی تصدیق یا تردید کی۔

تاہم شعیب ملک نے ایک ٹی وی پروگرام میں بات چیت کے دوران ان افواہوں پرکہا تھا کہ میں اپنی طرف سے تو جواب دے سکتا ہوں اور وہ یہ ہے کہ اگر ہم ہر بات پر ردعمل دینے لگیں تو اپنی زندگی کب جئیں گے؟

آپ کی توجہ ہمیشہ بٹتی رہے گی، میں یہ ہی کہوں گا کہ ایسی چیزوں کو نظر انداز کرکے آگے بڑھ جانا چاہیے۔

لوگوں کی غلط فہمی دور کرنے کے حوالے سے شعیب ملک کا کہنا تھا کہ میں اس قسم کا آدمی ہی نہیں ہوں،کیونکہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ آج آپ ایک جواب دیں گے تو کل آپ کو تین جواب دینے پڑیں گے اور پرسوں چار، اس طرح گھوم پھر کر بات وہیں آجائے گی کہ آپ اپنی زندگی کب جئیں گے؟

انہوں نے کہا کہ انسان کا لائف اسٹائل اور زندگی ایسی ہونی چاہیے کہ جو چیز آپ کو تنگ کررہی ہے، اس کا جلد از جلد حل سوچا جائے اور حل نکل آئے تو ٹھیک ہے ورنہ اگلے دن پر چلے جاؤ، میری یہ سوچ ہے۔