news
English

ویمنز کرکٹ چیمپئن شپ: پلیئرز آپس میں الجھ پڑیں

 پی سی بی نے تینوں پلیئرز کو میچ کھیلنے سے روک دیا،تاہم بعد میں صلح ہوگئی۔

ویمنز کرکٹ چیمپئن شپ: پلیئرز آپس میں الجھ پڑیں

قومی ویمنز کرکٹ چیمپئن شپ میں پلیئرز آپس میں الجھ پڑیں جب کہ صدف شمس اور یسریٰ عامر پر عائشہ بلال کو زدوکوب کرنے کا الزام عائد کردیاگیا۔ 
نیشنل ویمنز کپ راولپنڈی میں جاری ہے، ہوٹل میں چند روز قبل ہونے والے ایک ناخوشگوار واقعہ کا اب انکشاف ہوا ہے،مبینہ طور پر خواتین کرکٹرز صدف شمس اور یسرٰی عامر نے مل کر عائشہ بلال کو زدوکوب کیا، متاثرہ پلیئر کی ناک سے خون بھی نکل آیا لیکن وہ وقتی طور پر خاموش رہیں۔ 
حیران کن طور پر کسی اور کرکٹر نے بھی اس واقعہ کا ذکر مینجمنٹ سے نہیں کیا،2 روز بعد عائشہ بلال نے صدف شمس اور یسریٰ عامر کی شکایت کی جنھوں نے فوری طور پر تینوں پلیئرزکو میچ میں شرکت سے روک دیا۔
  
ذرائع کے مطابق چیئر پرسن ویمنز ونگ تانیہ ملک نے معاملے کا نوٹس لے لیا اور پلیئرز کی آپس میں صلح صفائی بھی کروادی گئی۔ 
گزشتہ روز پی سی بی کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کی جانے والی ویڈیو میں قومی ٹیم کی کپتان ندا ڈار کو صدف شمس، یسریٰ عامراور عائشہ بلال کو ایک ساتھ بٹھا کر بات چیت کرتے ہوئے دکھایا گیا، تینوں کرکٹرز اپنی سینئر کی موجودگی میں ٹورنامنٹ میں عمدہ پرفارم کرنے والی پلیئرز کے بارے میں بات کرتی رہیں، انھوں نے سنچری میکر عائشہ ظفر کی کارکردگی کو خاص طور پر سراہا۔ 
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ تنازع کی تفصیلات حاصل کرلی گئی ہیں، ٹیم منیجر اور ساتھی کرکٹرز کے بیانات کی روشنی میں کوئی فیصلہ کیا جائے گا تاکہ آئندہ ٹیم کے اندر اس نوعیت کے واقعات کی حوصلہ شکنی ہوسکے۔