news
English

آسٹریلیا کا پاکستان کے خلاف میلبورن ٹیسٹ کے لیے13رکنی اسکواڈکا اعلان

پرتھ میں مضبوط کارکردگی کے بعد اسکواڈ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی، چیف سلیکٹرجارج بیلی

آسٹریلیا کا پاکستان کے خلاف میلبورن ٹیسٹ کے لیے13رکنی اسکواڈکا اعلان

پرتھ ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد آسٹریلیا میلبورن میں شیڈول پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں بھی غیر تبدیل شدہ اسکواڈ کو کھلانے کی نیت رکھتا ہے۔ جس کے لیے ٹیم آسٹریلیا نے13 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی ٹیم کی انتظامیہ میلبورن میں بھی پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں غیر تبدیل شدہ اسکواڈ کو ہی کھلائے گی، ٹیم مینجمنٹ نے پیر کے روز 13 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا جس میں بیک اپ فاسٹ بولر لانس مورس کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔ ہوم سائیڈ نے اتوار کے روز پرتھ میں آف اسپنر نیتھن لیون کی 500 ویں وکٹ کے ساتھ مہمان ٹیم کو 360 رنز کے بھاری مارجن سے ہرادیا تھا۔ 
آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے 164 رنز بنا کر باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے لیے اپنی جگہ برقرار رکھنے کو یقینی بنایا جس میں ان کی الوداعی سیریز کی توقع ہے۔ 37 سالہ کھلاڑی نے اشارہ دیا ہے کہ سڈنی میں ہونے والا تیسرا ٹیسٹ ان کے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ ہوگا۔ 
یاد رہے کہ سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل جانسن نے کہا تھا کہ وارنر چونکہ اسکینڈل میں ملوث رہے ہیں جس کی وجہ سے ایک ہیرو کے طور پر الوداع کہے جانے کے مستحق نہیں ہیں۔،، 
لانس مورس کو بگ بیش لیگ میں پیٹ کمنز، مچل اسٹارک اور جوش ہیزل ووڈ کے انجری فری ہونے کے باعث ریلیز کیا گیا تھا ان کی جگہ پیسر اسکاٹ بولینڈ آسٹریلوی ٹیم کی فرسٹ چوائس ہوں گے۔ 
آسٹریلوی ٹیم کے چیف سلیکٹر جارج بیلی نے کہا ہے کہ "لانس مورس کو میلبورن میچ کے لیے ریلیز کردیا گیا ہے لیکن وہ ٹیسٹ کرکٹ کے لیے تیار رہیں گے کیونکہ پرتھ میں کینگروز کی بہترین کارکردگی کے بعد اسکواڈ میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔"