news
English

آسٹریلیا ناقابل شکست بھارت کو ہراکر چھٹی بارکرکٹ کاعالمی چیمپئن بن گیا

احمد آباد میں کھیلے گئے دلچسپ میچ میں بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر آسٹریلیا چھٹی بار کرکٹ کا عالمی چیمپئن بن گیا۔

آسٹریلیا ناقابل شکست بھارت کو ہراکر چھٹی بارکرکٹ کاعالمی چیمپئن بن گیا

احمد آباد کے نریندر مودی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء کے فائنل میں بھارت کا 241 رنز کا ہدف آسٹریلیا نے 43 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل لیا۔ ٹریوس ہیڈ مین آف دی میچ جبکہ ویرات کوہلی ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کو ٹرافی پیش کی۔ 
آسٹریلیا کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ چھ بار چیمپئن بننے والی واحد ٹیم بن گئی ہے جو اس سے قبل 1987، 1999، 2003، 2007 اور 2015 میں بھی عالمی ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہے۔ 
واضح رہے کہ بھارت کی یہ ٹورنامنٹ میں پہلی شکست تھی، بھارتی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنے تمام 9 لیگ میچز میں کامیابی کے بعد سیمی فائنل میں بھی کامیاب ہوئی تھی تاہم فائنل میں کینگروز نے بھارتی شائقین اور کھلاڑیوں کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔ 
آسٹریلیا کی اننگز: 
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی اننگز کی شروعات ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ نے کی۔ آسٹریلیا کی پہلی وکٹ صرف 16 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب ڈیوڈ وارنر صرف 7 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے،41 رنز کے مجموعی اسکور پر کینگروز کو دوسرا نقصان مچل مارش کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 15 رنز بناکر وکٹوں کے پیچھے کیچ تھما بیٹھے۔ 47 کے مجموعی اسکور پر اسٹیون اسمتھ بھی 4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ آسٹریلیا کو ابتدا میں مشکلات کا سامنا رہا اور صرف 47 رنز پر  تین کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے تاہم ٹریوس ہیڈ اور مارنوس لبوشین ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو میچ میں واپس لے آئے۔ ٹریوس ہیڈ نے 120 گیندوں پر 137 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ مارنوس لبوشین 58 رنز اور گلین میکسویل 2 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ 
بھارت کی طرف سے جسپریت بمراہ نے 2 جبکہ محمد شامی اور محمد سراج نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
بھارت کی اننگز: 
ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست رہنے والی بھارتی ٹیم فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف پہلے کھیلتے ہوئےصرف 240 رنز بناسکی اور اس کی پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ 
احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے آئی سی سی ورلڈکپ کے فائنل میں بھارتی بلے باز رنز کے ڈھیر لگانے کی روایت کو برقرار نہ رکھ سکے۔ ٹیم کے اوپنر شبھمن گل میگا ایونٹ کے فائنل میں ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے، وہ محض 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان روہت شرما نے 47 جبکہ ویرات کوہلی نے 54 رنز کی اننگز کھیلی۔ مڈل آرڈر بیٹر کے ایل راہول نے 67 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔ دیگر کھلاڑیوں میں شریاس ائیر 4، رویندرا جڈیجا 9، محمد شامی 6 جبکہ جسپریت بمراہ ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے۔ 
آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 3، پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ نے دو، دو جب کہ ایڈم زمپا اور گلین میکسویل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ 
قبل ازیں آسٹریلوی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ میگا ایونٹ کی ٹرافی اٹھانے کیلئے پُرعزم ہیں، کوشش کریں گے کہ میچ میں کامیابی سمیٹ کر شائقین کو حیران کریں۔ 
اس موقع پر بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ آج تاریخ دوہرانے کا موقع ہے کوشش کریں گے کہ عالمی ٹائٹل اپنے نام کریں۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں کا کہنا تھا کہ پلئینگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

آسٹریلیا کا اسکواڈ: کپتان پیٹ کمنز، ڈیوڈ وارنر، ٹریوس ہیڈ، مچل مارش، اسٹیو اسمتھ، مارنس لیبشگن، جوش انگلیس، مارنس لبوشین، شان ایبٹ، ایڈم زمپا، جوش ہیزل ووڈ پر مشتمل ہے۔

بھارت کا اسکواڈ: کپتان روہت شرما، شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ایر، کے ایل راہول، رویندرا جڈیجا، شاردول ٹھاکر، جسپریت بمراہ، کلدیپ یادیو اور محمد سراج پر مشیمل ہے۔