news
English

ویسٹ انڈیز کی آسٹریلیا کیخلاف 27سال بعد ٹیسٹ میں تاریخی فتح  

شمر جوزف نے ویسٹ انڈیز کو تاریخی جیت حاصل کرنے کے لیے متاثرکن پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلوی بیٹنگ لائن کی دھجیاں اڑادیں۔

ویسٹ انڈیز کی آسٹریلیا کیخلاف 27سال بعد ٹیسٹ میں تاریخی فتح  

ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کو اسی کی سرزمین پر 27 سال بعد ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر تاریخی فتح اپنے نام کر لی۔ 
مہمان ٹیم نے کینگروز کو 1997 کے بعد اسی کی سرزمین پر ڈھیر کیا ہے جبکہ ویسٹ انڈیز ٹیم 2001 کے بعد آسٹریلیا کے خلاف کوئی ٹیسٹ میچ جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ 
آسٹریلیا کو میچ جیتنے کے لیے 216 رنز کا ہدف حاصل کرنا تھا تاہم ویسٹ انڈین بولر شمر جوزف کی ناقابل یقین بولنگ کی بدولت آسٹریلوی ٹیم کی بیٹنگ لائن وکٹ پر سنبھل نہ سکی اور پوری ٹیم 207 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ 
شمر جوزف نے دوسری اننگز میں کیریئر کی بہترین بولنگ کرواتے ہوئے 11.5 اوورز میں 68 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں میچ اور ٹیسٹ سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ 
ویسٹ انڈین فاسٹ بولر دوسری اننگز میں پاؤں کے زخمی انگوٹھے کے ساتھ بولنگ کرتے رہے۔ 
ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز ٹیم 311 رنز بنا کر آٹ ہوگئی تھی جس کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے 289 رنز 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر بیٹنگ ڈیکلیئر کر دی تھی۔ 22 رنز کی برتری حاصل ہونے کے باوجود ویسٹ انڈیز 193 رنز پر پویلین لوٹ گئی اور مخالف ٹیم کو 216 رنز کا ہدف دے سکی تاہم میزبان ٹیم ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور ٹیسٹ کے چوتھے روز 207 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ 
آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو میچز کی سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کا آغاز 2 فروری سے ہوگا جبکہ تین میچز پر مشتمل ٹی20 سیریز کا آغاز 9 فروری سے ہوگا۔