بابر الیون کے پاس ورلڈکپ سے قبل عالمی نمبر ایک بننے کا سنہری موقع ہے۔
آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو لگاتار دوسرے ون ڈے میں شکست دے کر پاکستان سے دنیائے کرکٹ کی عالمی نمبر ایک پوزیشن چھین لی۔
قومی ٹیم نے افغانستان کے خلاف حال ہی میں کھیلی گئی سیریز میں 0-3 سے کامیابی سمیٹ کر آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر قبضہ جمایا تھا تاہم کینگروز نے لگاتار دوسرے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقہ کو بھاری مارجن سے شکست دے کر پاکستان سے پہلی پوزیشن چھین لی۔
ڈیوڈ وارنر اور مارنس لیبوشین کی سنچریوں کی بدولت آسٹریلیا نے ہفتہ کے روز بلوم فونٹین میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں جنوبی افریقہ کو 123 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کی۔
میچ میں فتح کے ساتھ آسٹریلیا کے رینٹنگ پوائنٹس کی تعداد 121 ہوگئی ہے اور وہ پہلی پوزیشن پر آگئی ہے جبکہ پاکستان 120 پوائنٹس کے ہمراہ دوسرے اور بھارت 114 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔
قومی ٹیم کے پاس عالمی نمبر ایک بننے کا سنہری موقع ہے اگر پاکستان آج ایشیاء کپ کے دوران سپر 4 مقابلے میں بھارت کو شکست دیتا ہے تو 2 پوائنٹس حاصل کرکے 122 پوائنٹس کے ساتھ دوبارہ پہلی پوزیشن پر آجائے گا۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا نے 50 اوورز میں 392/8 کا بڑا مجموعہ بنایا تھا، ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم محض 269 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔