news
English

آسٹریلیا کی ورلڈکپ میں پہلی کامیابی، سری لنکا کومسلسل تیسری شکست  

اس میچ میں کامیابی کے بعد آسٹریلیا پوائنٹس ٹیبل پر دسویں سے 8 ویں پوزیشن پر آگیا ہے۔

آسٹریلیا کی ورلڈکپ میں پہلی کامیابی، سری لنکا کومسلسل تیسری شکست  

سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دینے کے بعد آسٹریلیا کو ورلڈ کپ میں پہلی کامیابی مل گئی۔ لکھنئو اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ 2023 کے 14 ویں میچ میں سری لنکا کا 210 رنز کا ہدف آسٹریلیا نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 35.2 اوورز میں پورا کرلیا۔ شاندار بولنگ پر آسٹریلیا کے ایڈم زمپا مین آف دی میچ قرار پائے۔ انہوں نے آٹھ اوورز میں 45 رنز دے کر 4 وکٹیں لیں۔ 
سری لنکا سے میچ میں کامیابی کے بعد آسٹریلیا پوائنٹس ٹیبل پر دسویں سے 8 ویں پوزیشن پر آگیا ہے جبکہ سری لنکا آٹھویں سے نویں نمبر پر چلا گیا جس کے بعد نیدرلینڈز دسویں نمبر پر ہے۔ 
ورلڈ کپ کے پوائنٹس ٹیبل پر بھارت پہلے، نیوزی لینڈ دوسرے، جنوبی افریقہ تیسرے اور پاکستان چوتھے نمبر پر ہے۔ انگلینڈ، افغانستان اور بنگلہ دیش بالترتیب پانچویں، چھٹے اور ساتویں نمبر پر ہیں۔ 
آسٹریلیا کی اننگز: 
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز مایوس کن رہا اور چوتھے اوور میں ہی 24 رنز کے مجموعی اسکور پر دو وکٹیں گرگئیں۔ چوتھے اوور میں 24 رنز کے مجموعی اسکور پر دلشان مدوشناکا نے آسٹریلیا کے دو بلے بازوں کو ایل بی ڈبلیو کرکے پویلین کی راہ دکھا دی۔ ڈیوڈ وارنر 11 اور اسٹیون اسمتھ صفر پر آؤٹ ہوئے۔ پندرہویں اوور میں 81 کے مجموعی اسکور پر مچل مارش 52 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔ 29 ویں اوور میں 158 کے مجموعی اسکور پر مارنوس لبوشین 40 رنز بناکر مادھو شناکا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ 34 ویں اوور میں جوش انگلس 58 رنز بناکر دونیتھ ویلالگے کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ 
سری لنکا کی اننگز: 
سری لنکن اوپنرز کی جانب سے 125 رنز کا شاندار آغاز فراہم کرنے کے باوجود سری لنکا کی پوری ٹیم 43.3 اوورز میں 209 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ سری لنکا کے 8 بلے باز ڈبل فگر میں بھی داخل نہیں ہوسکے۔ 
سری لنکن اوپنرز نے ٹیم کو 125 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ پاتھم نسانکا 61 رنز، کسال پریرا 78 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کپتان اور فاسٹ بولر پیٹ کمنز کی گیند پر ڈیوڈ وارنر نے پتھم نسانکا کا کیچ پکڑا جبکہ کسال پریرا کو بولڈ کیا۔ ایڈم زمپا کی گیند پر کپتان کسال مینڈس کیچ تھما بیٹھے جبکہ لیگ اسپنر نے ہی سدیرا سمارا وکراما کی وکٹ حاصل کی۔ مچل اسٹارک نے دھننجایا ڈی سلوا کو پویلین کی راہ دکھائی۔ کسال مینڈس 9 رنز، سدیرا سمارا وکراما 8 رنز، دھننجایا ڈی سلوا 7 رنز، دونیتھ ویلالگے 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ چمیکا کرونارتنے 2 رنز، مہیش تھیکشنا صفر، لاہیرو کمارا 4 رنز بنا سکے جبکہ دلشان مدوشنکا صفر رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ 
آسٹریلیا کے ایڈم زمپا نے 4، مچل اسٹارک اور پیٹ کمنز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ گلین میکسویل کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔ سری لنکا کی اننگز کے دوران 32.1 اوور میں بارش کے باعث کھیل کو کچھ دیر کے لیے روکنا پڑا۔  
سری لنکا اور آسٹریلیا کے درمیان میچ لکھنؤ میں کھیلا گیا۔ دونوں ٹیمیں اپنے ابتدائی دو میچز میں فتح حاصل کرنے میں ناکام رہی تھیں۔ 
ٹاس جیتنے والے سری لنکن کپتان نے بتایا کہ ٹیم میں داسن شناکا اور متیشا پتھیرانا کی جگہ چمیکا کرونارتنے اور لاہیرو کمارا کو شامل کیا گیا ہے۔ آسٹریلوی ٹیم نے پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔ 
لنکن ٹائیگرز کو پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 102 رنز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان نے 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ 
اسی طرح، آسٹریلیا کو پہلے میچ میں میزبان بھارت نے 6 وکٹوں سے شکست دی جبکہ دوسرے میچ میں جنوبی افریقا نے کینگروز کو 134 رنز سے شکست دی تھی۔ 
سری لنکن ٹیم: 
کپتان کسال مینڈس، کسال پریرا، پتھم نسانکا، سدیرا سمارا وکراما، چریتھ اسالانکا، دھننجایا ڈی سلوا، چمیکا کرونا رتنے، دونیتھ ویلالگے، مہیش تھیکشانا، دلشان مدوشناکا، لاہیرو کمارا۔ 
آسٹریلوی ٹیم: 

کپتان پیٹ کمنز، مچل مارش، ڈیوڈ وارنر، اسٹیو اسمتھ، مارنس لبوشین، جوش انگلس، گلین میکسول، مارکس اسٹونس، مچل اسٹارک، ایڈم زمپا، جوش ہیزل ووڈ۔