news
English

آسٹریلوی وزیراعظم کی تقریب میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی شرکت

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ بدھ کے روز سے سڈنی میں کھیلا جائے گا۔

آسٹریلوی وزیراعظم کی تقریب میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی شرکت

آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز نے سڈنی میں پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ 
تقریب میں دونوں ٹیموں کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف اور چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر آسٹریلیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر زاہد حفیظ چوہدری اور آسٹریلین کرکٹ بورڈ کے حکام بھی موجود تھے۔ 
آسٹریلوی وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستانی ٹیم نے اس دورے میں اچھی کرکٹ کھیلی ہے خاص کر میلبرن ٹیسٹ میں۔ انہوں نے اس دورے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے مثالی رویے کی بھی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سڈنی ٹیسٹ میں بھی اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے آسٹریلوی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں پاکستان ٹیم کو مدعو کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سیریز میں دونوں ٹیمیں مثبت کرکٹ کھیل رہی ہیں۔ 
شان مسعود نے کہا کہ اس طرح کے دورے ہمیں نہ صرف کھیل کے فروغ کا موقع دیتے ہیں بلکہ اپنے طرز عمل کے ذریعے ملک کے سفیر کا کردار ادا کرنے کے مواقع بھی فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم سڈنی ٹیسٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ بدھ کے روز سے سڈنی میں کھیلا جائے گا۔