سابق کرکٹر نے دورانِ کمنٹری گرین شرٹس کو ناقص پرفارمنس پر شدید تنقید کا نشانہ بناڈالا۔
سابق آسٹریلوی کرکٹر ایڈم گلکرسٹ نے پاکستان کی موجودہ ٹیسٹ ٹیم کو آسٹریلیا کا دورہ کرنے والی ’’بدترین ایشیائی ٹیم‘‘ قرار دے دیا۔
سڈنی ٹیسٹ کے دوران کمنٹری کرتے ہوئے سابق آسٹریلوی وکٹ کیپر نے پاکستانی ٹیم کیخلاف سخت الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلوی سرزمین پر کبھی اس سے قبل گرین شرٹس کی ایسی بدترین ٹیم نہیں دیکھی۔
انہوں نے کہا کہ سڈنی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستن نے شاندار کم بیک کیا لیکن دوسری اننگز میں لیڈ لینے کے باوجود پاکستانی بیٹنگ لائن تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی، پاکستان کا موازنہ بھارت سے ہوتا ہے لیکن ہندوستان نے سخت چیلنجز کے باوجود جنوبی افریقہ میں میچ جیتا جبکہ آسٹریلیا کیخلاف 2 بار سیریز اپنے نام کی۔
سابق کرکٹر نے سوال اٹھایا کہ آپ مجھے بتائیں پاکستان نے گزشتہ 35 سالوں میں ایسا کچھ جیتا ہو؟
انہوں نے کہا کہ ‘یہ میں نے آسٹریلیا کی سرزمین پر اب تک کی بدترین ایشیائی ٹیم دیکھی ہے، وہ ڈرائیونگ سیٹ پر تھے اور اچانک آپ نے 15 منٹ کے وقفے میں 5 وکٹیں گنوادیں؟’ ان کے مداح کل ہندوستان کا مذاق اڑارہے تھے لیکن کم از کم وہ میچ جیت گئے مگر پاکستان کو سیریز میں وائٹ واش کا سامناکرنا پڑا۔