news
English

بلے پر فلسطینی جھنڈا: پی سی بی نے اعظم خان پرعائد جرمانہ ختم کردیا

پی سی بی کا کہنا ہے کہ نوجوان کھلاڑی سے متعلق جرمانے کا فیصلہ انتہائی سخت تھا اس لیے اسے واپس لے لیا گیا۔

بلے پر فلسطینی جھنڈا: پی سی بی نے اعظم خان پرعائد جرمانہ ختم کردیا

اسرائیل پر سات اکتوبر کو حماس کے حملے کے بعد اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینی علاقوں پر بمباری اور بڑے پیمانے پر شہری ہلاکتوں کے ردعمل میں دنیا کے مختلف ممالک سے متعدد سلیبریٹیز اور کھلاڑی فلسطین کے حق میں سوشل میڈیا پر اپنی حمایت کا اظہار کرتے نظر آئے ہیں، لیکن اس حمایت کے نیتجے میں کئی شوبز اداکاروں اور کھلاڑیوں کو سرزنش کے ساتھ ساتھ معطلی اور معاہدوں کی منسوخی جیسی سزاؤں کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ 
اس فہرست میں حالیہ اٰضافہ پاکستانی کرکٹر اعظم خان ہیں جنھیں پاکستان میں قومی ٹی 20 لیگ کے دوران اپنے بلے پر فلسطینی جھنڈے کا اسٹیکر آویزاں کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جرمانے کا سامنا کرنا پڑا تاہم بعد میں پی سی بی نے اپنا یہ فیصلہ واپس لے لیا۔ 
پیر 27 نومبر کو یہ خبر سامنے آئی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اعظم خان پر قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے دوران اپنے بلے پر فلسطین کے جھنڈے کا اسٹیکر لگانے پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا اور یہ جرمانہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے قوائد کے مطابق تھا مگر اب پی سی بی کی جانب سے سامنے آنے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پی سی بی نے بلے باز اعظم خان پر جرمانے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔ 
پی سی بی کے مطابق نوجوان کھلاڑی سے متعلق جرمانے کا یہ فیصلہ انتہائی سخت تھا اس لیے اسے واپس لے لیا گیا۔ 
پی سی بی کے مطابق نوجوان کھلاڑیوں کو تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ صرف اور صرف اپنی پرفارمنس اور کھیل پر توجہ دیں۔ 
قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں بلے باز اعظم خان کو اپنے بیٹ پر فلسطین کا جھنڈا لگانے پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا تھا۔ 
یاد رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے قوانین و ضوابط کے تحت کھلاڑیوں کی کٹ یا سامان پر غیر منظور شدہ اسٹیکر یا لوگوز، خصوصاً میچ کے دوران مذہبی اور سیاسی پیغام پر مبنی اسٹیکرز آویزاں نہیں جا سکتے جبکہ پی سی بی اس نوعیت کے معاملات میں آئی سی سی کے ضوابط پر عملدرآمد کرنے کا پابند ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بلے پر فلسطینی جھنڈے کا سٹیکر لگانے پر میچ ریفری نے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر اعظم خان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اُن پر جرمانہ عائد کیا تھا۔

پی سی بی میں میڈیا اینڈ کمیونیکیشن کی ڈائریکٹر عالیہ رشید نے بی بی سی کو تصدیق کی تھی کہ اعظم خان کو نہ صرف میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا بلکہ سابقہ میچز میں اس خلاف ورزی کے بعد انھیں تنبیہ بھی کی گئی تھی۔