news

اعظم خان پر ان کے والد نے اپنی اکیڈمی میں پابندی لگادی تھی

پاکستان کے معروف کرکٹر اعظم خان نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ان کے والد معین خان نے ان پر اپنی اکیڈمی میں کھیلنے پر پابندی عائد کردی تھی۔

اعظم خان پر ان کے والد نے اپنی اکیڈمی میں پابندی لگادی تھی

کرکٹ پاکستان کے ان شعبوں میں سے ہے جہاں سے لوگوں نے بڑے پیمانے پر مقبولیت حاصل کی ہے۔ کرکٹ اس ملک کا ایسا کھیل ہے جس کی مقبولیت آج بھی اتنی ہی ہے جتنی دہائیوں پہلے تھی۔ دنیا کے کئی مشہور کرکٹرز کا تعلق پاکستان سے ہے اور معین خان بھی ایسا ہی ایک نام ہے۔ وہ ریٹائرمنٹ کے بعد مختلف اعلیٰ عہدوں پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں اور ان کے بیٹے اعظم خان نے بھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پی ایس ایل اور دنیا بھر کی دیگر کئی لیگز میں کھیلا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اعظم خان حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے مزاحیہ شو میں مہمان کے طور پر شریک تھے جس میں انہوں نے اپنی زندگی کے بارے میں کچھ باتیں شیئر کیں۔ اعظم خان نے بتایا کہ شروع شروع میں جب وہ اپنے والد کی کرکٹ اکیڈمی میں جانے لگے تو وہ تھوڑا مغرور ہوگئے تھے اور اس کے نتیجے میں ان کے والد نے ان کے اکیڈمی میں داخلے پر پابندی لگا دی تھی۔

کرکٹر نے بتایا کہ والد کی طرف سے پابندی لگائے جانے کے بعد انہوں نے راشد لطیف کی اکیڈمی جوائن کرلی اور آج بھی انہیں اپنا مرشد مانتے ہیں۔

علاوہ ازیں اعظم خان نے اپنے وزن کی وجہ سے ہونے والی تنقید کے بارے میں بھی بات کی اور بتایا کہ وہ اپنے والد کے عہدے کی وجہ سے کرکٹ میں آئے۔ لوگوں کی طرف سے انہیں ’پرچی‘ اور کئی دوسرے ناموں سے پکارا گیا لیکن وہ ہمت نہیں ہارے بلکہ انہیں حوصلہ ملا اور اس طرح انہوں نے تنقید کے باوجود کامیابی حاصل کی۔