news
English

کاکول ٹریننگ کیمپ: اعظم خان 2 کلومیٹرریس میں مشکلات کا شکار

ٹریننگ اکیڈمی میں 2 کلومیٹر کی ریس میں پہلی پوزیشن عرفان خان نیازی نے حاصل کی۔

کاکول ٹریننگ کیمپ: اعظم خان 2 کلومیٹرریس میں مشکلات کا شکار

ایبٹ آباد کی کاکول ملٹری اکیڈمی میں ٹریننگ کے دوران قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان 2 کلومیٹر دوڑنے میں شدید مشکلات کا شکار ہوگئے۔ 
ٹریننگ کے دوسرے روز پاکستانی کرکٹرز کی فٹنس کا جائزہ لینے کی دوڑ لگوائی گئی، اس ٹیسٹ کے دوران عرفان اللہ خان نیازی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو کلومیٹر کی دوڑ 6 منٹ اور 47 سیکنڈز میں مکمل کی اور سرفہرست رہے جبکہ اعظم خان محض ڈیڑھ کلومیٹر ہی دوڑسکے، اس ریس کا ٹائم فریم 20 منٹ رکھا گیا تھا۔ 
دیگر قابل ذکر پرفارمنسز میں محمد رضوان نے 8 منٹ 26 سیکنڈز، محمد حارث، نسیم شاہ، حسیب اللہ اور محمد وسیم جونیئر نے 8 منٹ 27 سیکنڈز میں رن مکمل کیا۔  
اسی طرح مہران ممتاز نے 8 منٹ 30 سیکنڈز، شاہین شاہ آفریدی نے 8 منٹ 37 سیکنڈز، آغا سلمان نے 9 منٹ 20 سیکنڈز، محمد عامر نے 9 منٹ 30 سیکنڈ، شاداب خان نے 9 منٹ 56 سیکنڈ اور محمد نوازنے 9 منٹ اور 57 سیکنڈ میں ریس مکمل کی۔  
آل راؤنڈر عماد وسیم گھٹنے کی ممکنہ انجری میں مبتلا ہونے کے خدشات کے باعث ریس میں شرکت نہیں ہوسکے، اسی طرح فخر زمان اور حارث رؤف نے بھی ٹیسٹ سے گریز کیا کیونکہ دونوں کرکٹر بھی انجریز کا شکار ہیں۔ 

واضح رہے کہعمرے کیلئے سعودی عرب میں موجود بابراعظم کے جمعرات کے روز کاکول اکیڈمی ٹریننگ کیمپ میں شامل ہونے کا امکان ہے۔