news
English

قومی ٹیم میں کینگروز کو شکست دینے کی صلاحیت ہے، اظہر علی

اظہر علی نے کہا کہ ٹیم میں اتنی صلاحیت ہے کہ کینگروز کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دے سکے

قومی ٹیم میں کینگروز کو شکست دینے کی صلاحیت ہے، اظہر علی فوٹو: اے ایف پی

لاہور: قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں کنڈیشنز مختلف اور مشکل ضرور ہیں لیکن یہاں جیت کا عزم لِئے میدان میں اتریں گے۔

اظہر علی نے کہا کہ ٹیم میں اتنی صلاحیت ہے کہ کینگروز کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دے سکے، اسکواڈ میں شامل نئے چہرے بھی کارکردگی دکھانے کے لیے بیتاب ہیں، گزشتہ دورے میں بھی ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے جیتنے کی پوزیشن میں آئے تھے۔

اظہر علی کا کہنا تھا کہ مجھے کوئی وجہ نہیں نظر آرہی کہ ہم یہاں ٹیسٹ سیریز میں کامیاب نہیں ہو سکتے،بے خوف ہوکر کھیلیں گے، چیلنج قبول کرلیں تو وہ آسان ہو جاتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں اظہر علی نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں نسیم شاہ کی بولنگ نے سب کو ہی متاثر کیا، نیٹ میں بھی ان کا سامنا کیا،ان کے پاس نہ صرف پیس بلکہ ٹمپرامنٹ بھی ہے، وہ بیٹسمین کی تکینک  اور اپنی قوت کو سمجھتا ہے، کم عمری کے باوجود فرسٹ کلاس میچز میں سیکھتا اور بہتر سے بہتر ہوتا گیا۔

کپتان نے مزید کہا کہ بابر اعظم کی صلاحیتوں میں کوئی شک نہیں، انہیں بیٹنگ کرتے دیکھنا ہمیشہ خوشگوار تجربہ ہوتا ہے۔