news
English

بیٹنگ آرڈر کو ایڈجسٹ کرنے پر غور کر رہے ہیں، اظہرمحمود

نیوزی لینڈ کے ہاتھوں تیسرے میچ میں پاکستان کی شکست کے بعداظہرمحمود سے پوچھا گیا کہ کیا پاکستان کے بیٹنگ آرڈر میں ٹاپ تھری پوزیشنز پتھر پر لکیر ہیں؟

بیٹنگ آرڈر کو ایڈجسٹ کرنے پر غور کر رہے ہیں، اظہرمحمود

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری ٹی ٹونٹی سیریز کے تیسرے میچ میں گرین شرٹس کی شکست کے بعد ہیڈ کوچ اظہر محمود نے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کا اشارہ دے دیا۔ یاد رہے کہ راولپنڈی میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے مارک چیپ مین کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت پانچ میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز میں شاندار واپسی کی اور سیریز ایک، ایک سے برابر کردی۔ 
ٹیم پاکستان کے ہیڈ کوچ اظہر محمود نے اتوار کےروز نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست کے بعد ٹیم کے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلیوں کا عندیہ دے دیا۔ میچ کے بعد کی پریس کانفرنس میں اظہر محمود سے پوچھا گیا کہ کیا پاکستان کے بیٹنگ آرڈر میں ٹاپ تھری فکس ہیں؟ 
اظہر محمود نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ “میں نے پہلے بھی یہ کہا ہے کہ آپ کے ٹاپ تھری فکسڈ ہیں لیکن اس کے بعد ہمیں میچ اپ کو دیکھنا ہوگا اور اس کے مطابق فیصلہ کرنا ہوگا، تیسرے ٹی 20 میچ میں ہم چاہتے تھے کہ رضوان کو درمیان میں کچھ وقت ملے کیونکہ پہلا میچ بارش کی وجہ سے ضائع ہو گیا تھا۔ آگے بڑھتے ہوئے جہاں تک بیٹنگ کی پوزیشنوں کا تعلق ہے ہم لچکدار ہوں گے کیونکہ کوئی ایک نمبر کسی بھی خاص کھلاڑی کے لیے مقرر نہیں کیا گیا ہے۔‘‘
اظہر محمود نے یہ بھی اعتراف کیا کہ تیسرے ٹی ٹونٹی میں پاکستان کو 15 سے 20 رنز زیادہ بنانے چاہیے تھے، انہوں نے کہا کہ "ہم نے 15 سے 20 رنز کم اسکور کیےجس کی وجہ سے میچ ہاتھ سے نکل گیا، ہم نے پہلے چھ اوورز میں کافی اچھا آغاز کیا اور تقریباً 54 رنز بنائے۔ شاداب نے آخر تک بہت اچھا کھیلا۔ لیکن مجھے لگتا ہے کہ ہم نے درمیان کے اوورز میں اپنی رنز بنانے کی رفتار کھودی جس سے رنز کم بنے۔،،
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے مارک چیپ مین کی زبردست بیٹنگ کی بدولت پانچ میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز میں شاندار واپسی کی جنہوں نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں تیسرے میچ میں مہمان ٹیم کو سات وکٹوں سے فتح دلائی۔ سیریز اب 1-1 سے برابر ہوچکی ہے جبکہ لاہور میں دو میچ باقی ہیں جو 25 اور 27 اپریل کو قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول ہیں۔