news
English

اظہرمحمود کی جھوٹے الزامات کی مذمت، قانونی کارروائی کا ارادہ ظاہرکردیا

اظہرمحمود نے بے بنیاد دعووں پر اپنی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ایسی بے بنیاد معلومات نقصان دہ اور مکمل طور پر غلط ہیں۔

اظہرمحمود کی جھوٹے الزامات کی مذمت، قانونی کارروائی کا ارادہ ظاہرکردیا

پاکستانی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود بھی بے بنیاد الزامات پر بھڑک  اٹھے، انھوں نے اپنے خلاف اور فیملی کے بارے میں بات کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی دھمکی دے دی، اظہرمحمود کہتے ہیں کہ سوشل میڈیاپر فالوورز بڑھانے کے لیے جھوٹ پھیلایا جاتا ہے جوکہ جرم کے زمرے میں آتا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی ورلڈکپ 2024 میں مہم انتہائی مایوس کن رہی، ٹیم کے پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہونے کی وجہ سے کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، بعض شائقین کی جانب سے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کی فیملیز کے پی سی بی کے خرچ پر امریکا گھومنے کا دعویٰ بھی کیا گیا، جس پراسسٹنٹ کوچ اظہرمحمود بھڑک اٹھے، انھوں نے ان الزامات کی سختی سے تردید کرنے کے ساتھ ساتھ قانونی کارروائی کی دھمکی بھی دی ہے، اپنی ’ایکس‘ پوسٹ میں اظہر محمود کا کہنا تھا کہ جھوٹے الزامات لگانے اور غلط باتیں پھیلانے کا کلچر اب مضحکہ خیز اور خطرناک ہوتا جارہا ہے۔،، 
ان کا کہنا تھا کہ بغیر کسی ثبوت کے بولنا اور حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا ایک جرم ہے، جو لوگ بھی ایسی چیزوں میں ملوث ہیں ان سے اب قانونی کارروائی کے ذریعے  نمٹا جائے گا۔،،
اظہر محمو کا مزید کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر فالوورز کی تعداد بڑھانے اور میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کے لیے ایسی من گھڑت باتیں کسی  بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہیں۔ میں اپنے اور اپنی فیملی کے خلاف غلط الزامات عائد کرنے والوں کے خلاف قانونی مشاورت حاصل کروں گا اور اسی کے مطابق سخت ایکشن لوں گا، اب اس معاملے پر سوشل میڈیا پر مزید بات نہیں ہوگی، میں سب سے یہی کہتا ہوں کہ ایسے جھوٹ پھیلانے والوں کے ساتھ مت الجھیں، ایسی چیزوں کا خاتمہ ہونا چاہیے۔،،
یاد رہے کہ اس سے قبل کپتان بابراعظم نے بھی اپنے خلاف الزامات عائد کرنے والے سابق پلیئرز اور یوٹیوبرز کے  خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دیا تھا۔