news
English

پاکستان کوچوتھے میچ میں شکست، اظہرمحمودبھی بول پڑے

اظہر محمود نے چوتھے ٹی 20 میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں پاکستان کی شکست کے بعد اہم خدشات کی نشاندہی کی۔

پاکستان کوچوتھے میچ میں شکست، اظہرمحمودبھی بول پڑے

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اظہر محمود نے پانچ میچوں کی سیریز کے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں چار رنز سے شکست کے بعد قومی ٹیم کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کیا، تاہم پاکستان کے ہیڈ کوچ نے ٹیم کی خوبیوں کا بھی اعتراف کیا۔ 
میچ کے بعد اظہارِخیال کرتے ہوئے، اظہرمحمود نے ٹیم کی خوبیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے نیوزی لینڈ کے مقابلے میں زیادہ باؤنڈریز لگائیں اور زیادہ ڈاٹ گیندیں کرائیں۔ تاہم، انہوں نے مخالفین کی مزید ڈبلز لینے کی صلاحیت کو تشویش کی نظر سے دیکھتے ہوئے فیلڈنگ کو کھیل کے ایک اہم شعبے کے طور پر نشان زد کیا جس میں بہتری کی ضرورت ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ "ہمارے لیے اس میچ میں چند مثبت پہلو تھے کیونکہ ہم نے نیوزی لینڈ سے زیادہ باؤنڈریز اسکور کیں۔ ہم نے زیادہ ڈاٹ گیندیں بھی کرائیں لیکن انھوں نے ہم سے زیادہ ڈبلز لیے۔ یہ ہمارے لیے تشویش کا باعث ہیں اور ہم اس پر مسلسل کام کر رہے ہیں"۔ 
اظہرمحمود نے میچ کے دوران عثمان خان کے ارادے کی تعریف کی، باوجود اس کے کہ وہ اپنی پہلی سیریز کی تین اننگز میں نمایاں رنز حاصل نہیں کر سکے۔ اظہرمحمود نے عثمان کے جارحانہ انداز اور شاٹ سلیکشن کی تعریف کی، حالانکہ بلے باز نے توقع کے مطابق کارکردگی نہیں دکھائی۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ہمیشہ ارادے دکھانے کی بات کرتے ہیں۔ عثمان خان نے آج جس طرح سے ارادہ ظاہر کیا وہ دیکھنا خوشگوار تھا۔ اس نے کچھ اچھے شاٹس کھیلے لیکن وہ اس طرح کی بلے بازی کا مظاہرہ نہیں کر سکے جس طرح ہم چاہتے تھے۔ 
ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں 2 جون سے شروع ہونے والےٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کو دیکھتے ہوئے اظہرمحمود نے کہا کہ ٹیم کو اپنی بہترین الیون کا واضح اندازہ ہے۔ تاہم، وہ بینچ کی طاقت کی جانچ کر رہے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ تمام شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے اور انجریز کے باعث پیش آنے والی مشکلوں کو دور کیا جا سکتا ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ "ہمیں اپنی بہترین پلیئنگ الیون کا اندازہ ہے لیکن ہم ورلڈ کپ میں جانے سے پہلے اپنی بینچ کی طاقت کو بھی آزمانا چاہتے تھے۔ ہم نے تقریباً ہر بیس کو کور کر لیا ہے۔ کچھ انجریز کے دھچکے ہیں جو بدقسمتی کی بات ہے،" انہوں نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئےکہا۔ 
یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں شکست پانچ میچوں کی سیریز میں پاکستان کی مسلسل دوسری شکست ہے، جس سے اس کے آخری میچ جیتنے کے باوجود سیریز جیتنے کے امکانات ختم ہو گئے ہیں۔ 
ہدف کے تعاقب کے قریب پہنچنے کے باوجود پاکستان چار رنز سے ہار گیا۔ آخری اوور میں آل راؤنڈر عماد وسیم ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے میں ناکام رہے اور نیوزی لینڈ کے 178رنز کے جواب میں پاکستان نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 174 کا مجموعی اسکور بنایا اور یوں گرین شرٹس کو بلیک کیپس کے ہاتھوں چار رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 
سیریز کا آخری میچ ہفتہ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔