news

بھارت نے سری لنکا کو ون ڈے میچ میں 317 رنز سے شکست دے کر ریکارڈ قائم کردیا

تروواننتاپورم: بھارت نے سری لنکن ٹیم کو تیسرے ون ڈے میں 317 رنز کے سب سے بڑے مارجن سے شکست دے کر ایک نیا ریکارڈ قائم کردیا۔

بھارت نے سری لنکا کو ون ڈے میچ میں 317 رنز سے شکست دے کر ریکارڈ قائم کردیا

ایکسپریس نیوز کے مطابق بھارتی سورماؤں نے کیرالا کے گرین فیلڈ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکن کرکٹ ٹیم کی لنکا ڈھا دی، تیسرے ون ڈے میں بھارت نے سری لنکا کو ریکارڈ شکست سے دوچار کیا۔

بھارت نے تیسرے ایک روزہ میچ میں سری لنکا کو جیت کےلیے 50 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 390 رنز کا ٹارگٹ دیا، جس کے جواب میں سری لنکن کھلاڑی صرف 73 رنز ہی بنا سکے اور آل آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

بھارت نے ون ڈے کی تاریخ میں رنز کے مارجن کے لحاظ سے سب سے بڑی کامیابی حاصل کرلی، اس سے قبل رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی فتح نیوزی لینڈ نے 290 رنز سے حاصل کی تھی۔

اس تاریخ ساز میچ کے دوران بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی نے 166 جب کہ شبمان گل نے 116 رنز اسکور کیے، ویرات کوہلی نے ون ڈے کیرئیر کی 46ویں اور مجموعی طور پر 74ویں سنچری اسکور کی۔