news
English

’’کئی کپتانوں‘‘ کی موجودگی، بابر پر دباؤ بڑھ گیا

رضوان کی پشتو میں براہ راست بولرز کو ’’ہدایات‘‘پر بھی سوال اٹھنے لگے

’’کئی کپتانوں‘‘ کی موجودگی، بابر پر دباؤ بڑھ گیا فوٹو: اے ایف پی

ٹیم میں ’’کئی کپتانوں‘‘ کی موجودگی بابر اعظم پر دباؤ بڑھانے لگی جب کہ مشوروں کی بھرمار سے اپنے فیصلوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

انگلینڈ سے دوسرے ٹی ٹوئنٹی کے دوران پاکستانی ٹیم میں ’’کئی کپتان‘‘ ایکشن میں نظر آئے، ایک موقع پر تو 4 سینئرز نے بابر اعظم کو گھیر کر مشوروں کی بھرمار کر دی،ذرائع کے مطابق اس سے کپتان کو فائدے کے بجائے مشکلات کا سامنا ہے، وہ اپنے فیصلے نہیں کر پا رہے ہیں، میچ میں ایک موقع پر تیسرے اوور کیلیے شاداب خان آ چکے  تھے مگر اچانک کسی کے کہنے پر ان سے گیند لے کر افتخار احمد کو تھما دی گئی جنھوں نے 12 رنز دے کر ٹیم پر دباؤ بڑھا دیا۔

ذرائع نے بتایا کہ وکٹ کیپر محمد رضوان  کی بولرز کو پشتو میں براہ راست ہدایات پر بھی سوال اٹھ رہے ہیں، وہ اکثر کپتان کو نظرانداز کر کے خود دوڑ کر بولرزکے پاس جا کرمشورے دینے لگتے ہیں۔ گوکہ ماضی میں سرفرازاحمد بھی ایسا کرتے رہے مگر وہ ٹیم کے کپتان تھے، ٹیم مینجمنٹ بھی بابر کو میدان سے باہر سے ہدایات دیتی ہے، البتہ اب اس کی جانب سے سینئرز پر واضح کر دیا گیاکہ پوچھنے پر ہی کپتان کو رائے سے نوازیں۔

ذرائع نے مزید بتایاکہ پاکستان کے کئی کرکٹرز اس وقت ٹیم سے زیادہ اپنے لیے کھیل رہے ہیں، ان کی کوشش ہوتی ہے کہ بس اتنا پرفارم کریں جس سے  جگہ بچ جائے، اس انفرادی سوچ کا بھی گرین شرٹس کو نقصان ہو رہا ہے،اگر منگل کے میچ میں ٹیم کی کارکردگی اچھی نہ رہی تو کئی سینئرز کے کیریئر کا اختتام ہو جائے گا۔