جنوبی افریقہ میں پہلی سنچری پرمسرورہوں،فارم برقراررکھنے کی کوشش ہوگی
بابر اعظم نے ٹیم کی غلطیاں جلد دور کرنے کا ارادہ کرلیا۔
کپتان کا کہنا ہے کہ ٹیم میٹنگ میں اس پر بات کرتے ہوئے بہتری کی کوشش کریں گے، پہلے ون ڈے میں ٹاس جیت کر پچ پر موجود نمی کا فائدہ اٹھایا۔ آخر میں تھوڑی بہتر بولنگ کرتے تو پروٹیز کو مزید کم ٹوٹل تک محدود کرسکتے ہیں۔ جنوبی افریقہ میں پہلی سنچری پر مسرور ہوں، فارم آئندہ میچز میں بھی برقرار رکھنے کی کوشش کروں گا۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے ون ڈے میں فتح کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نیکہاکہ پچ پر نمی موجود تھی، ہم نے ٹاس جیت کا اسی کا فائدہ اٹھایا،بولرز نے اچھی لائن و لینتھ پر بولنگ کی، سوئنگ کی وجہ سے ہم ابتدا میں پروٹیز پر حاوی رہے، درمیان میں ایک شراکت بھی بنی مگر بولرز کو کریڈٹ دینا چاہیے کہ انھوں نے حریف کوکھل کر رنز نہیں بنانے دیے، آخر میں ہم تھوڑی بہتر بولنگ کرتے تو جنوبی افریقہ کو مزید کم ٹوٹل تک محدود کرسکتے تھے، اب میٹنگ میں اپنی غلطیوں کا جائزہ لے کر بہتری لائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ میں جنوبی افریقہ میں پہلی سنچری پر مسرور ہوں، فارم آئندہ میچز میں بھی برقرار رکھنے کی کوشش کروں گا، میں نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے امام الحق کے ساتھ لمبی شراکت کی کوشش کی، اس میں کامیابی بھی حاصل ہوئی۔
ہم دونوں کا میچ فنش کرنے کا ارادہ تھا لیکن بدقسمتی سے پہلے میں اور پھرامام الحق آؤٹ ہوگئے، وکٹیں گرنے سے دباؤ بھی بڑھا لیکن محمد رضوان اور شاداب خان نے اچھی شراکت سے فتح کی راہ پر گامزن رکھا،کپتان نے کہا کہ فتح کے باوجود ہم میچ میں سامنے آنے والی اپنی خامیوں کو نظر انداز نہیں کریں گے،ٹیم میٹنگ میں ان پر غور کرتے ہوئے بہتری لانے کی کوشش ہوگی،پورے اعتماد سے دوسرے مقابلے کیلیے میدان میں اتریں گے۔