پاکستان کے تیز رفتار بلے باز نے بارہویں اوور میں غلط شاٹ کھیل کر اپنی وکٹ گنوادی
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کینبرا میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں کپتان بابر اعظم اُس وقت غضب ناک ہوگئے جب 12 ویں اوور میں تیز رفتار بلے باز آصف علی غلط شاٹ کھیل کر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔
اپنی نرم طبیعت اور خوش اخلاقی سے مشہور بابر اعظم اس وکٹ کے زیاں پر غضب ناک ہوگئے اور ساری رواداری ایک طرف رکھ کر بلے باز آصف علی پر چڑھ دوڑے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے ٹوئٹر اکائونٹ پر جاری کی گئی ایک متحرک تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آصف علی کے آئوٹ ہونے پر بابراعظم کس طرح اپنے غصے اور طیش کا اظہار کررہے ہیں۔
Don't make the captain unhappy... 😳#AUSvPAk pic.twitter.com/VZO9QwbOEK
— cricket.com.au (@cricketcomau) November 5, 2019
پاکستانی ٹیم کی اننگز کے دوران جب اسکور صرف 62 رنز تھا اور وکٹ پر آصف علی اور بابر اعظم موجود تھے تو بابر اعظم ایک اچھی پارٹنر شپ کے خواہاں تھے مگر آصف علی نے لیفٹ آرم اسپنر ایشٹن اگار کی گیند پر غلط شاٹ کھیل دیا جس کے نتیجے میں وہ لانگ آن پر فاسٹ بالر پیٹ کمنز کے ہاتھوں کیچ ہو کر آئوٹ ہو گئے۔ جس پر کپتان بابر اعظم اپنا ضبط کھوبیٹھے اور آصف علی پر چیختے چلاتے نظر آئے۔
پاکستانی ٹیم اپنی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر صرف 150 رنز بنا پائی جس میں افتخار احمد کی ففٹی بھی شامل تھی۔ جواب میں آسٹریلیا نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ سات وکٹ سے باآسانی جیت لیا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں کی ٹی 20 سیریز میں آسٹریلیا کو ایک میچ کی برتری حاصل ہے جبکہ سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا۔