news

فخرزمان کی ہارڈ ہٹنگ نے پوری پاکستانی ٹیم کو چارج کردیا   

میں جانتا تھا کہ جب تک فخر زمان کریز پر موجود ہیں ہم 450 رنز کا ہدف بھی حاصل کرسکتے ہیں، بابراعظم۔

فخرزمان کی ہارڈ ہٹنگ نے پوری پاکستانی ٹیم کو چارج کردیا   

نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں قومی ٹیم کے اوپنر فخرزمان کی ہارڈہٹنگ نے پاکستانی ٹیم کو بھی مکمل چارج کردیا۔
پاکستان نے ہفتے کے روز فخرزمان کی برق رفتار سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ کے خلاف ڈک ورتھ لوئس پر 21 رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ورلڈکپ سیمی فائنل میں رسائی کی امیدوں کو برقرار رکھا ہے، ان کی اس ہارڈہٹنگ نے پاکستانی ٹیم کو نہ صرف چارچ کردیا بلکہ کپتان بابراعظم کا اعتماد بھی بحال ہوگیا، انھوں نے خود بھی اس میچ میں ناقابل شکست ففٹی اسکور کی تھی۔ 
پی سی بی ڈیجیٹل سے بات چیت کے دوران بابراعظم کا کہنا تھا میں جانتا تھا کہ جب تک فخر زمان کریز پر موجود ہیں ہم 450 رنز کا ہدف بھی حاصل کرسکتے ہیں، جب وہ اس طرح کی اننگز کھیلتے ہیں تو ہم 95 فیصد اپنے میچز جیت جاتے ہیں، ہر چھکے کے بعد میں ان سے کہتا تھا کہ سنبھل کر کھیلو، جس پر وہ اوکے بولتا اور پھر چھکے جڑنے لگا، اس پر میں نے کہا کہ جو دل چاہے کرو مگر آؤٹ نہیں ہونا، یہ ایک بہترین اننگز تھی۔ 
موسم کے حوالے سے بابراعظم کا کہنا تھا کہ بارش ہمارے ذہن میں نہیں تھی مگر جب اچانک بادل چھائے تو ہم نے ڈی ایل ایس کا حساب کرنا شروع کردیا، ہم اس سے آگے رہنا چاہتے تھے، ہم نے وکٹیں محفوظ رکھتے ہوئے کوشش جاری رکھی اور میچ کو آگے لے گئے، جہاں فخر نے شارٹ باؤنڈریز سے فائدہ اٹھایا وہیں میں نے دوسرا اینڈ سنبھالے رکھا اور اس بات کو یقینی بنایا کہ رن ریٹ ہمارے کنٹرول سے باہر نہ جائے۔،،
ادھر فخرزمان کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ میں اب تک جن پچز پر ہم کھیلے ہیں یہ ان میں سب سے بہترین تھی، دوسرے ہی اوور سے معلوم ہوگیا کہ یہ بیٹنگ کے لیے بہترین وکٹ ہے۔ یہ میری ایک بہترین ورلڈکپ اننگز ہے تاہم اب بھی میری بہترین اننگز وینڈررز میں کھیلی گئی 193 رنز کی اننگز ہے کیونکہ وہ دنیا کی تیز ترین ووکٹ ہے اور وہاں پر ایشیائی پلیئرز جدوجہد کرتے رہتے ہیں۔،،