بابراعظم کو قومی ٹیم کے نومنتخب کپتان شان مسعود نے ٹیسٹ کیپ اور سووینئر پیش کیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم نے آسٹریلیا کے خلاف پرتھ ٹیسٹ میچ شرکت کرکے اپنے کیرئیر کا 50 واں ٹیسٹ میچ کھیلنے کا سنگ میل عبور کرلیا۔
قومی ٹیم کے نومنتخب ٹیسٹ کپتان شان مسعود نے بابراعظم کو 50 ویں ٹیسٹ کیپ اور سووینئر پیش کیا، وہ یہ کارنامہ سرانجام دینے والے 32 ویں پاکستانی کرکٹر ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ میں بابراعظم نے 47.47 کی اوسط سے پاکستانی کی نمائندگی کرتے ہوئے 3 ہزار 772 رنز بنارکھے ہیں۔
انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر میں 26 نصف سینچریاں اور 9 سینچریاں اسکور کررکھی ہیں جبکہ ان کا سب سے بڑا انفرادی اسکور 196 رنز ہے، جو بابراعظم نے آسٹریلیا کے خلاف ہی بنایا تھا۔
دوسری جانب آسٹریلیا کے خلاف سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شاہین آفریدی کو نائب کپتان مقرر کیا ہے۔