news

بابر اعظم اور محمد رضوان ساتھی کرکٹرز کے لیے مثال قرار

اسٹارک اور بولٹ کو بھی کھیل چکا ہوں لیکن شاہین کا سامنا سب سے مشکل ہے، فخر زمان

بابر اعظم اور محمد رضوان ساتھی کرکٹرز کے لیے مثال قرار

قومی ٹیم کے بلے باز فخرزمان نے بابر اعظم اور محمد رضوان کو ساتھی کرکٹرز کے لیے قابلِ تقلید مثال قرار دے دیا۔

پی سی بی پوڈ کاسٹ میں قومی ٹیم کے اوپنر بلے باز نے کہا کہ کرکٹ میں آپ پیشگوئی نہیں کرسکتے مگر بابر کے بارے میں یہ کہہ سکتے ہیں کہ 10 میں سے کم از کم 5 میچز میں وہ بڑا اسکور بنائیں گے، محمد رضوان کی کارکردگی میں بھی تسلسل ہے، دونوں نے ایک ایسا معیار وضع کردیا ہے کہ ہم سب اس تک پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔

اوپنر نے کہا کہ پاکستان کے لیے جب بھی رنز بنائیں تو اچھا محسوس ہوتا ہے، کافی عرصے سے بڑے اسکور نہیں ہورہے تھے تو بہت محنت کی، پاور ہٹنگ اور فٹنس میں بہتری لانے کے لیے کام کیا، میری 2016 اور اب کی تکنیک میں بہت فرق آگیا ہے، ہم ورلڈکپ کو دماغ پر زیادہ ہی طاری کر لیتے ہیں، میگا ایونٹ آئے گا تو پہلے کی طرح بھرپور تیاری کریں گے۔

فخر زمان نے کہا کہ میں نے مچل اسٹارک اور ٹرینٹ بولٹ سمیت کئی اہم بالرز کا سامنا کر چکا ہوں لیکن شاہین آفریدی کی تیز رفتار گیندوں کا سامنا کرنا سب سے مشکل رہا ہے۔