news

بابراعظم کو بھارتی اسپورٹس نصاب میں شامل کرلیا گیا

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کو انڈین سرٹیفکیٹ آف سیکنڈری ایجوکیشن (آئی سی ایس ای) نے آٹھویں جماعت کے اسپورٹس نصاب میں شامل کرلیا۔

بابراعظم کو بھارتی اسپورٹس نصاب میں شامل کرلیا گیا

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پوسٹ وائرل ہورہی ہے جس میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی تصویر بھارت کے نامور کرکٹرز سچن ٹنڈولکر، ویرات کوہلی اور ایم ایس دھونی کے ہمراہ انڈین اسپورٹس نصاب میں شامل ہے۔ 

آٹھویں جماعت کی اسپورٹس کی اس کتاب میں سوال کیا گیا ہے کہ کرکٹرز کو ان کی عرفیت سے ملائیں جبکہ جواب میں بابراعظم عرف بابی بھی درج ہے۔

بابراعظم کے علاوہ اسی سوال میں دیگر بین الااقوامی کرکٹرز میں جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز اور ویسٹ انڈیز کے کرس گیل شامل ہیں۔ بھارتی نصاب بابراعظم کا تذکرہ دنیا بھر میں ان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو ظاہر کرتا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم کے کپتان کو حال ہی میں تینوں فارمیٹس میں پرفارمنس پر آئی سی سی مینز کرکٹر آف دی ایئر 2022 کے لیے سر گارفیلڈ سوبرز ٹرافی سے نوازا گیا تھا۔

اسی طرح گزشتہ برس بابراعظم کی کور ڈرائیو کو نویں جماعت کی فزکس کے نصاب میں شامل کیا گیا تھا، بابراعظم اپنی بیٹنگ اور کور ڈرائیوز کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں جبکہ کئی نامور کرکٹرز بھی ان کے مداح ہیں، بابر کی تکنیک کے باعث انہیں اسٹیو استمھ، ویرات کوہلی اور دیگر کرکٹرز سے اوپر رکھا گیا ہے۔