news
English

آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ میں بابراعظم سوریہ کماریادیوکے قریب پہنچ گئے

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نیوزی لینڈ کے خلاف سنسنی خیز ٹی 20 سیریز میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن کر ابھرے۔

 آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ میں بابراعظم سوریہ کماریادیوکے قریب پہنچ گئے

قومی ٹیم کے وائٹ بال کپتان بابر اعظم نے تازہ ترین آئی سی سی 20 رینکنگ میں بھارتی بلے باز سوریہ کمار یادیو سے دوری کا فرق کم کر دیا۔ 
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی جاری کردہ تازہ ترین رینکنگ میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بابراعظم کی ایک درجے ترقی ہوئی ہے جبکہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کا تیسرا نمبربرقرارہے۔ 
بابراعظم حال ہی میں ختم ہونے والی نیوزی لینڈ کے خلاف سنسنی خیز ٹی20 سیریز میں پاکستان کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن کر ابھرے، پانچ میچز کی یہ سیریز 2-2 سے برابری پر ختم ہوئی کیونکہ پہلا ہی میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا  جس کے بعد دونوں ٹیموں نے دو دو میچ جیتے۔ 
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی، ون ڈے اور ٹیسٹ پلیئرز کی تازہ ترین رینکنگ جاری کردی ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کے مطابق بھارت کے بلے باز سوریہ کمار یادیو کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، اس رینکنگ میں انگلینڈ کے فل سالٹ کا دوسرا جبکہ پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کا تیسرا نمبر ہے، جبکہ کپتان بابر اعظم ایک درجے ترقی کے بعد چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔  
نئی رینکنگ کے مطابق جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم پانچویں اورنیوزی لینڈ کے ٹم سیفرٹ 7 درجے ترقی کے بعد 18 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ٹی ٹوئنٹی بولرز میں انگلینڈ کے عادل رشید کا پہلا نمبر ہے، پاکستان کے شاہین آفریدی تین درجے ترقی کے بعد 14 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کا پہلا اور پاکستان کے شاداب خان کا رینکنگ میں 10 واں نمبر ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ ون ڈے رینکنگ کے مطابق بابراعظم پہلےنمبرپربراجمان ہیں، بھارت کے شبھمن گل دوسرے اور ویرات کوہلی تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
ٹیسٹ بیٹرز کی رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن پہلے، انگلینڈ کے جوروٹ دوسرے جب کہ پاکستان کے بابر اعظم تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔