کراچی: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم، اوپننگ بلے باز محمد رضوان اور فخر زمان اس سال حج کی سعادت حاصل کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر اعظم اپنی والدہ کے ساتھ جون کے دوسرے ہفتے میں مقدس سفر پر سعودی عرب روانہ ہوں گے جبکہ محمد رضوان اور فخر زمان بھی اس سال حج پر جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کے سابق کرکٹر انضمام الحق بھی اہلیہ کے ہمراہ فریضہ حج ادا کریں گے، فہیم اشرف اور افتخار احمد سمیت چند دیگر کرکٹرز بھی رواں سال حج کی سعادت حاصل کریں گے.
مارچ میں مذہبی امور کے وزیر مفتی عبدالشکور نے بتایا تھا کہ اس سال مجموعی طور پر 179,210 پاکستانی عازمین، حج ادا کریں گے۔
رواں سال کے شروع میں بابراعظم، افتخاراحمد، فہیم اشرف، حارث رؤف اور دیگر قومی کرکٹرز نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عمرہ ادا کیا تھا۔
قومی کرکٹ اسٹار بابر اور رضوان اس وقت امریکہ میں ہیں اور ہارورڈ بزنس اسکول میں ایک منفرد تعلیمی سفر کا آغاز کرنے والے ہیں۔ یہ دونوں نامور بلے باز پاکستان کے ایسے پہلے کرکٹر بن جائیں گے جنہوں نے معروف ادارے کے ایگزیکٹو ایجوکیشن پروگرام میں داخلہ لیا، جس میں دی بزنس آف انٹرٹینمنٹ، میڈیا اور اسپورٹس پر توجہ دی جائے گی۔ 31 مئی سے 3 جون تک، وہ بوسٹن، میساچوسٹس میں ہارورڈ بزنس اسکول کیمپس میں کلاسز میں شرکت کریں گے۔