news
English

قومی اسکواڈ میں شمولیت: بابراعظم، حسن علی کے دفاع میں سامنے آگئے

حسن علی آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 18 رکنی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

قومی اسکواڈ میں شمولیت: بابراعظم، حسن علی کے دفاع میں سامنے آگئے

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں فاسٹ بولر حسن علی کی شمولیت کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ حسن علی کو بیک اپ کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ وہ تجربہ کار کھلاڑی ہیں جن سے ہم فائدہ اُٹھا سکتے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ پوری ٹیم کی ساری توجہ صرف اور صرف ورلڈکپ 2024 جیتنے پر مرکوز ہے۔ ماضی میں جو ہونا تھا وہ ہوگیا، قوم کو اس بار ورلڈکپ کا تحفہ دیں گے۔،، 
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اس یقین اور اعتماد کا اظہار ورلڈکپ 2024 کے لیے منتخب کردہ ٹیم کے حوالے سے کی گئی پریس کانفرس میں کیا۔ کپتان نے کہا کہ پچھلا ورلڈکپ نہیں جیت سکے تھے لیکن وہ ماضی تھا جو گزر گیا مگر اس بار یقین ہے کہ ٹرافی لے کر آئیں گے۔ پوری ٹیم کا فوکس اسی بات پر ہے کہ کس طرح یہ ورلڈکپ جیت کر لائیں۔،،
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹیم سلیکشن میرٹ پر ہوئی ہے۔ تمام سلیکٹرز نے طویل بحث و مباحثے، باہمی مشاورت اور ایک ایک کھلاڑی کی پرفارمنس کو دیکھتے ہوئے ٹیم کی سلیکشن کی ہے۔،، 
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی بھی ورلڈکپ کی تیاریوں کے حوالے سے بات کرتے ہیں اور ٹیم کو اعتماد دے رہے ہیں۔ بابر اعظم نے ٹیم کی سلیکشن پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حارث رؤف نے انجری سے بہت جلدی ریکورکیا ہے۔ یہ خوش آئند بات ہے۔ اس سے قبل بھی حارث رؤف نے ٹی 20 میں بہترین پرفارمنس دی ہے۔ 
ٹیم کے اوپنرز کے حوالے سے بابر اعظم نے کہا کہ میرا اور محمد رضوان کے کھیلنے کا طریقہ مختلف ہے اگر اوپننگ چھوڑنا پڑی تو میں چھوڑ دوں گا۔ ٹاپ آرڈر میں محمد رضوان، صائم ایوب اور فخر زمان سے امیدیں ہیں۔ 
بابر اعظم نے بتایا کہ عامر جمال کو ٹی ٹوئنٹی میں پرفارمنس کی بنیاد پر اسکواڈ میں جگہ دی گئی۔ انھیں سیٹ ہونے میں کچھ وقت لگے گا، تاہم ان سے بہت امیدیں ہیں، سلیکشن میں کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوئی۔ محمد حارث کو پی ایس ایل میں موقع ملا مگر وہ پرفارم نہ کرسکے۔ 
حسن علی کی ٹیم میں شمولیت سے متعلق سوال پر کپتان قومی ٹیم کے بقول سلیکٹرز بھی بتاچکے ہیں کہ حسن علی کو بیک اپ کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ وہ تجربہ کار کھلاڑی ہیں جن کی صلاحیتوں سے ہم فائدہ اُٹھا سکتے ہیں۔ حسن علی آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 18 رکنی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کا آغاز یکم جون سے امریکا کے گرینڈ پریری اسٹیڈیم میں ہورہا ہے اور 29 جون کو فائنل کھیلا جائے گا۔ اس رنگا رنگ میگا ایونٹ میں 20 ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف 55 میچز کھیلیں گی۔ ٹورنامنٹ کے میچز امریکا کے 3 اور ویسٹ انڈیز کے 6 مقامات پر منعقد کیے جائیں گے۔