news

بابراعظم غزہ کےلیے رضوان کی پوسٹ سے متعلق سوال گول کرگئے

میچ کے بعد پریس کانفرنس میں قومی ٹیم کے کپتان نے ایک بار پھر مڈل آرڈر کی بیٹنگ میں ناکامی کا اعتراف کیا۔

بابراعظم غزہ کےلیے رضوان کی پوسٹ سے متعلق سوال گول کرگئے

ورلڈ کپ کے اہم ترین میچ میں بھارت کے ہاتھوں عبرتناک شکست اٹھانے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ مڈل آرڈر میں بیٹنگ کی ناکامی ہار کا سب سے بڑی وجہ بنی۔ 
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاک بھارت ہائی وولٹیج میچ احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جس میں بھارت کے ہاتھوں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 
بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ شائقین کرکٹ کی امیدوں پرپورا نہیں اترسکے جس کا افسوس ہے، ہمارا آغاز اچھا تھا لیکن وکٹیں تیزی سے گرنے کی وجہ سے بڑا اسکور نہ کرسکے، اصل میں ہماری مڈل آرڈر میں بیٹنگ نہیں چل سکی جو شکست کی بڑی وجہ بنی۔ 
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کوشش تھی کہ بھارت کو جیت کے لیے 280 یا 290 رنز کا بڑا ہدف دیں مگر بیٹنگ لائن توقعات کے مطابق پرفارم نہیں کرسکی۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان نے شکست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مڈل آرڈر مکمل طور پر ناکام رہا اور نئی گیند کے ساتھ ہم نے اچھی بولنگ نہیں کی، کھلاڑی اچھا کھیل پیش نہ کرسکے۔ 

پریس کانفرنس میں بابر سے رضوان کی غزہ کے بارے میں ٹویٹ کے حوالے سے میں پوچھا گیا۔ جس پر بابر اعظم قدرے محتاط رہے اور اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کرکٹ کے معاملات پر بات کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن کھیل کے دائرے سے باہر کے مسائل پر بات کرنے کے لیے مائل نہیں ہیں۔ 
بابر اعظم نے صحافی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "میرے خیال میں یہ بہتر ہے کہ ہم کرکٹ کے بارے میں بات کرتے رہیں، آپ گفتگو کو کسی اور سمت لے جا رہے ہیں۔"
پاکستانی ٹیم کے کپتان نے بھارتی اوپنر روہت شرما کی بیٹنگ کی تعریف کی اور اسے غیر معمولی قرار دیا انہوں نے کہا کہ بھارتی کپتان روہت شرما نے جس طرح کھیلا وہ شاندار اننگز تھی، ہم نے صرف وکٹیں لینے کی کوشش کی لیکن ایسا نہیں ہوا۔
دوسری جانب روہت شرما کا کہنا ہے کہ ہم سمجھے تھے کہ 280 رنز تک کا ہدف ملے گا مگر ایسا نہیں ہوسکا۔ پاکستان کے خلاف ورلڈ کپ 2023 کے اہم ترین میچ میں 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرنے پر بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے بولرز نے ورلڈ کپ کے اب تک کے تینوں میچوں میں عمدہ بولنگ کی، جس کی وجہ سے ٹیم کو کامیابیاں مل رہی ہیں۔ بھارتی کپتان نے کہا کہ احمد آباد کی پچ 190 رنز سے زیادہ کی تھی، ہم تو سمجھے تھے کہ 280 رنز تک کا ہدف ملے گا، مگر پاکستانی ٹیم پورے اوور بھی نہ کھیل سکی۔ 
روہت شرما کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے تمام 6 بولرز کی اچھی بولنگ کی وجہ سے پاکستان کم رنز بناسکا، ورلڈ کپ شروع ہونے سے پہلے ہی ہماری ٹیم فارم میں تھی، اس مومینٹم کو اگلے میچز میں بھی برقرار رکھیں گے۔،،