news
English

آئی سی سی رینکنگ: بابراعظم کی تنزلی، ٹاپ3 میں آسٹریلیا کی بادشاہی

آخری بار ایک ہی ٹیم کے تین بلے بازوں نے دسمبر 1984 میں ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی تین پوزیشنوں پر قبضہ کیا تھا۔

آئی سی سی رینکنگ: بابراعظم کی تنزلی، ٹاپ3 میں آسٹریلیا کی بادشاہی

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ نئی رینکنگ کے مطابق آسٹریلیا کے مارنوس لبوشین، اسٹیو استمھ اور ٹریسوس ہیڈ نے پہلی، دوسری، تیسری پوزیشن پر قبضہ جمالیا۔ اس سے پہلے ایک ہی ٹیم کے تین بلے بازوں نے دسمبر 1984 میں ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی تین پوزیشنوں پر قبضہ کیا تھا۔ 

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی نئی جاری کردہ رینکنگ کے مطابق بابراعظم کی ٹیسٹ رینکنگ میں ایک درجہ تنزلی ہوئی ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم 862 پوائنٹس کے ہمراہ پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔

آسٹریلیا کے مارنوس لبوشین کا 903 پوائنٹس کیساتھ پہلا نمبر ہے، ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ میں بھارت کے خلاف شاندار پرفارمنس کرنے والے اسٹیو اسمتھ 885 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ ٹریسوس ہیڈ 884 پوائنٹس کے ہمراہ تیسری پوزیشن پر آگئے ہیں۔

 اس کے ساتھ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن 883 پوائنٹس کے ہمراہ دو درجے تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر آگئے ہیں جبکہ کپتان بابراعظم ایک درجہ تنزلی کے بعد پانچویں پوزیشن پر ہیں۔

ٹیسٹ چیمپئین شپ کا فائنل کھیلنے والی موجودہ بھارتی ٹیم کا کوئی بھی بلے باز رینکنگ میں ٹاپ 10 پوزیشن پر موجود نہیں۔

 دوسری جانب ٹی20 رینکنگ میں سوریا کمار یادیو پہلی جبکہ محمد رضوان اور بابراعظم بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن پر قابض ہیں، اسی طرح ون ڈے میں کپتان بابراعظم کی بادشاہی برقرار ہے جبکہ فخر زمان اور امام الحق تیسری اور چوتھی پوزیشن پر براجمان ہیں۔

ٹیسٹ بالنگ رینکنگ میں شاہین آفریدی 5ویں جبکہ ٹی20 آل راؤنڈ کیٹیگری میں شاداب خان چوتھی پوزیشن پر قبضہ جمائے ہوئے ہیں۔