news
English

ثنا میر کی گفتگو نے بابراعظم کے مداحوں کو مشتعل کردیا

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر کی فخر زمان کو سراہنے والی گفتگو پر بابر اعظم کے مداحوں نے شدید تنقید کی ہے۔

ثنا میر کی گفتگو نے بابراعظم کے مداحوں کو مشتعل کردیا

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں فخر زمان نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی جس کی بدولت پاکستان کو 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل ہوئی۔ فخر زمان کی اس کارکرگی پر تجزیہ کرتے ہوئے ثنا میر نے کہا کہ فخر زمان ہمیشہ ٹیم کے لئے کھیلتے ہیں۔

ثنا میر کی یہ ویڈیو وائرل ہوگئی ہے جس میں وہ کہہ رہی ہیں کہ ’ہم آف ائیر بھی یہ بات کر رہے تھے کہ فخر زمان ہمیشہ ٹیم کے لئے رنز اسکور کرتے ہیں، اگر وہ سنچری اسکور کرتے ہیں تو ان کا اسٹرائیک ریٹ 100 نہیں بلکہ 125 کا ہوتا ہے جو 350 کے قریب کا ہدف حاصل کرنے میں کافی اہم ہوتا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’یہی وجہ ہے کہ فخر زمان اس ٹیم کے لئے کافی اہمیت رکھتے ہیں، کیوں کہ جہاں ہمارے پاس پہلے ہی ٹیم میں ایسے کھلاڑی ہیں جو اپنے لیے کھیلتے ہیں لہٰذا 300 سے زائد کا ہدف حاصل کرنے میں فخر کا کردار کافی اہم ہوجاتا ہے۔‘

ثنا میر نے اپنے تجزیے میں کسی کا نام نہیں لیا تاہم بابر اعظم کے فینز ان کے اس تبصرے پر چراغ پا ہوگئے اور اپنے طور پر ہی یہ سوچ لیا کہ ثنا میر کا اشارہ بابر اعظم کی طرف تھا۔

بابر اعظم کے مداحوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایسا پہلی بار نہیں کیا گیا۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر سائمن ڈول نے پی ایس ایل 8 کے دوران بابر اعظم کے اسٹرائیک ریٹ پر سوال اٹھایا تھا جس کے بعد انہیں بھی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

راولپنڈی میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں بابر اعظم نے 66 گیندوں پر 65 رنز بنائے تھے۔ پاکستان کو پانچ میچز کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل ہے جبکہ تیسرا ون ڈے بدھ کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔