news
English

ٹیم کی سلیکشن پر بابر اعظم کے ساتھ مکمل مشاورت کی ہے، چیف سلیکٹر

ایشیاکپ، ورلڈکپ اور 2024 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے مطابق کمبینیشن بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ہارون رشید

ٹیم کی سلیکشن پر بابر اعظم کے ساتھ مکمل مشاورت کی ہے، چیف سلیکٹر

 

قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر ہارون رشید کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے ٹیم کی سلیکشن میں بابر اعظم کے ساتھ مکمل مشاورت کی گئی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہارون رشید نے کہا کہ اگلے ایک سال میں تین بڑے ایونٹس شیڈول ہیں، میگا ایونٹ میں ایشیاکپ، ورلڈکپ اور 2024 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ شیڈول ہیں، اس لیے اسی شیڈول کے مطابق کمبینیشن بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوچنگ اسٹاف ایک آدھے ہفتے میں فائنل ہو جائے گا، کوچنگ اسٹاف مکمل ہونے کے بعد چیزیں مزید بہتر ہوجائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام ایونٹس کو مد نظر رکھتے ہوئے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیموں کی سلیکشن کی ہے، حارث سہیل مڈل آرڈر میں اسپنرز کو اچھا کھیلتے ہیں، وہ ایشیائی کنڈیشنز میں اچھے ثابت ہو سکتے ہیں، اگر حارث سہیل فارم میں اور فٹ رہتے ہیں تو اس سے مڈل آرڈر کو سہارا ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کی سلیکشن میں بابر اعظم کے ساتھ مکمل مشاورت کی ہے، دیگر تمام معاملات پر بھی بابر اعظم کے ساتھ مکمل مشاورت ہے۔

ہارون رشید کا کہنا تھا کہ شاداب خان نے بہت کم کرکٹ کھیلی ہے، ٹی 20کرکٹ میں دنیا کی تمام ٹیمیں تجربات کرتی ہیں، توقع ہے کہ، نیوزی لینڈ کے خلاف اچھا مقابلہ ہوگا، ہمارے ہاں ہار جیت پر زیادہ اشوز ہوتے ہیں، دنیا میں ایسا نہیں ہوتا، کوئی بھی ٹیم ہارنے کے لیے میدان میں نہیں اترتی۔

چیف سلیکٹر نے کہا کہ کھلاڑیوں کی ڈومیسٹک میں کارکردگی کو ہمیشہ مدنظر رکھا جاتا ہے، ٹیم کے لئے منتخب کھلاڑیوں کے علاوہ ڈراپ ہونے والے کھلاڑی بھی ہمارے پلان کا حصہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ایشیا کپ سے قبل 8 ون ڈے میچز ہیں،ان 8 ون ڈے میچز میں ہمیں بہت کچھ دیکھنا ہے، ہم نے ون ڈے میچز بہت کم کھیلے ہیں،کوشش کر رہے ہیں کہ پاکستان شاہینز اور انڈر 19 ٹیم کے ٹورز کریں جس کے لیے ہم نے کھلاڑیوں کا ایک پول بنایا ہے جو ہمارے پلان کا حصہ ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیم کا کپتان اور نائب کپتان ہماری صوابدید نہیں ہے،کپتان اور نائب کپتان کے معاملے پر کبھی میں نے کوئی بات نہیں کی یہ سب افواہیں ہیں۔