news

تو آپ کا مطلب ہے کہ ہم ٹیسٹ کرکٹ چھوڑ دیں؟ بابر اعظم

کراچی: ’تو آپ کا مطلب ہے کہ ہم ٹیسٹ چھوڑ دیں؟‘ کپتان بابر اعظم ٹی 20 کرکٹ پر توجہ دینے کے سوال کا برا مان گئے۔

تو آپ کا مطلب ہے کہ ہم ٹیسٹ کرکٹ چھوڑ دیں؟ بابر اعظم

ملتان ٹیسٹ میں شکست کے بعد میڈیا کانفرنس میں کپتان بابر اعظم سے سوال ہوا کہ شائقین کا کہنا ہے کہ آپ اور رضوان کو ٹی 20 کرکٹ پر توجہ دینا چاہیے کیونکہ اس میں جب آپ دونوں آؤٹ ہوتے ہیں تو باقی ٹیم ڈھیر ہوجاتی ہے، بابر نے ان کی بات کاٹتے ہوئے کہا کہ تو آپ کہہ رہے کہ ہم ٹیسٹ چھوڑ دیں؟

رپورٹر نے اپنا سوال جاری رکھتے ہوئے کہا کہ کیا آپ اس بارے میں سوچ رہے ہیں کہ ٹی 20 میں جانا چاہیے، اس پر بابر نے کہا کہ ہم ایسا کچھ نہیں سوچ رہے۔

بابر اعظم سے دوسرے ٹیسٹ کے بعد پریس کانفرنس میں ان کی اہم مراحل میں پرفارمنس کے بارے میں بھی سوال کیا گیا جس پر انہوں نے جواب دیا کہ وہ اسکور کرتے ہیں یا نہیں، لوگ پھر بھی اس کے بارے میں بات کریں گے انہوں نے یاد دلایا کہ وہ وہی تھے جنہوں نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں پرفارم کیا تھا۔ جہاں انہوں نے 196 رنز بنائے۔

بابر اعظم نے ٹوئٹر پر ایک معنی خیز کیپشن کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی۔ انہوں نے لکھا کہ "تعریف کو اپنے سر اور تنقید کو دل میں جگہ نہ دیں۔"

واضح رہے کہ پاکستان تین میچوں کی سیریز کے پہلے دو ٹیسٹ ہار گیا تھا۔ 1959 کے بعد پہلی بار پاکستان اپنی ہوم سیریز میں لگاتار تین ٹیسٹ ہارا ہے۔

دونوں ٹیمیں اب آخری ٹیسٹ 17 سے 21 دسمبر تک کراچی میں کھیلیں گی۔