news
English

بابر اعظم کے بلے سے کئی ریکارڈ چکنا چور ہوگئے

پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم کے بلے کی ضرب سے پی ایس ایل اور ٹی 20کے کئی ریکارڈز چکنا چور ہوگئے۔

بابر اعظم کے بلے سے کئی ریکارڈ چکنا چور ہوگئے

بابراعظم نے بدھ کے روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف پی ایس ایل 8 کی اولین سینچری بنائی، پشاور زلمی کے کپتان نے 60 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 15 چوکے اور 3 چھکے لگا کر یہ کارنامہ سرانجام دیا، انھوں نے 65 بالز پر 115 رنز بناکرپویلین کی راہ لی۔

اس عمدہ کاوش کی بدولت ان کی ٹیم نے 2 وکٹوں پر 240 کا ریکارڈ مجموعہ ترتیب دے دیا، بابر نے ٹی 20 کرکٹ میں 36 ویں بار سینچری شراکت قائم کی، یہ کسی بھی پاکستانی بیٹر کی سب سے بہترین کارکردگی ہے۔

محمدرضوان 26 سینچریوں کی پارٹنر شپس میں شریک رہے ہیں، عالمی سطح پر اس معاملے میں کرس گیل(46)، ڈیوڈ وارنر(42) اور ویراٹ کوہلی(38) نمایاں ہیں۔ بابر 2019 کے بعد سے دنیا میں سب سے زیادہ 8 ٹی 20 سینچریاں بناکر نمایاں ترین ہوگئے۔

انگلش اسٹار جوز بٹلر 6 سینچریوں کے ساتھ ان کے بعد آتے ہیں، بابر اعظم اور صائم ایوب نے 162  رنز کی پی ایس ایل کی دوسری سب سے بڑی شراکت بنائی، اس سے قبل ریکارڈ پارٹنر شپ کا اعزاز بابر اور شرجیل نے 176 رنز بناکر اپنے نام کیا تھا،انھوں نے یہ ریکارڈ 2021 میں کنگز کی نمائندگی کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف بنایا تھا۔

 بابر اعظم پی ایس ایل کی ٹاپ تین شراکتوں میں حصہ دار ہیں۔انھوں نے شرجیل کے ساتھ 176، صائم ایوزب کے ساتھ 162 اور لیونگ اسٹن کے ساتھ 157 رنز جوڑے۔ کیریئر کی آٹھویں ٹی 20 سینچری بناکر وہ مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر آگئے  جہاں ان کے ہمراہ ڈیوڈ وارنر، آرون فنچ اور مائیکل کلینگر موجود ہیں، کرس گیل 22 سینچریوں کے ساتھ سب سے آگے ہیں۔