news
English

آئی سی سی : ون ڈے رینکنگ میں بابر اعظم کی بادشاہت برقرار

شبھمن گل ڈینگی پر قابو پانے کے بعد پاکستان کے خلاف 12 رنز کے ساتھ کرکٹ ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا آغاز کرنے کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔

آئی سی سی : ون ڈے رینکنگ میں بابر اعظم کی بادشاہت برقرار

آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں بابر اعظم کی بادشاہت برقرار ہے، ورلڈ کپ کے اہم میچ میں بھارت کے خلاف ففٹی اسکور کرکے بابر اعظم اب بھی پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں جبکہ بھارتی اوپنر شبھمن گل سے ان کا فاصلہ 18 پوائنٹس کا ہوگیا ہے، عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرنے والے روہت شرما کی چھٹی پوزیشن پر ترقی ہوئی ہے۔  
بھارتی ٹیم کے اوپنر شبھمن گل ڈینگی پر قابو پانے کے بعد پاکستان کے خلاف 12 رنز کے ساتھ کرکٹ ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا آغاز کرنے کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔ 
آئی سی سی کی جاری کردہ نئی ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں پاور ہٹرز کی رینکنگ میں بہتری آئی ہے جبکہ ایک تجربہ کار تیز گیند باز بولنگ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن کےقریب ہیں۔
کوئنٹن ڈی کاک، روہت شرما اور ٹرینٹ بولٹ نے تازہ ترین اپ ڈیٹ میں مردوں کی ون ڈے پلیئر رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن کی جانب قدم بڑھائے ہیں۔ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں جنوبی افریقہ کے اوپنر ڈی کاک اور بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے بہترین بیٹنگ سے ترقی پائی ہے۔ 
جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بلے باز ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں تین درجے ترقی کر کے تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں اور ساتھی کھلاڑی رسی وین ڈیر ڈوسن چوتھے نمبر پر ہیں۔ روہت شرما نے افغانستان کے خلاف میچ میں 131 رنز بنانے کے بعد روایتی حریف پاکستان کے خلاف 63 گیندوں پر 86 رنز بنا کر 5 درجے ترقی پائی ہے اور اب وہ چھٹی پوزیشن پر براجمان ہیں۔ 
افغانستان کے اوپنر رحمان اللہ گرباز 19 درجے ترقی کر کے 18 ویں نمبر پر آگئے ہیں، نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز 16 درجے ترقی پاکر 27 ویں نمبر پر ہیں۔ 
پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم 836 ریٹنگ پوائنٹس تک پہنچ گئے ہیں اور ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں اپنی برتری کو بڑھا کر 18 پوائنٹس تک لے گئے ہیں۔ بھارتی بلے باز شبھمن گل بیماری پر قابو پانے کے بعد پاکستان کے خلاف میچ میں 12 رنز کے ساتھ کرکٹ ورلڈ کپ مہم کا آغاز کرنے کے بعد ون ڈے رینکنگ میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ نیوزی لینڈ کے تیز گیند باز ٹرینٹ بولٹ بنگلہ دیش کے خلاف تباہ کن اسپیل کے بعد ون ڈے بولنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن کے قریب ہیں۔ 
تازہ ترین ریٹنگ اپ ڈیٹ میں ایک مقام اوپر جانے کے بعد بولٹ موجودہ لیڈر جوش ہیزل ووڈ سے صرف ایک ریٹنگ پوائنٹ پیچھے ہیں۔ 2015ء میں آسٹریلیا کے مچل سٹارک کے ساتھ مشترکہ طور پر 22 وکٹیں لینے والے بائیں ہاتھ کے تیز رفتار کیوی پیسر کا کرکٹ ورلڈ کپ میں ایک زبردست ریکارڈ ہے۔
افغانستان کے اسپنر راشد خان بولنگ رینکنگ میں دو درجے اوپر پہنچ کر چوتھے نمبر پر آگئے ہیں، جنوبی افریقی اسپنر کیشو مہاراج 7 درجے آگے بڑھ کرمجیب الرحمان کے برابر 5ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ بھارتی پیسر جسپریت بمراہ نے 7 درجے ترقی پائی ہے اور جنوبی افریقہ کے کاگیسو ربادا نے مشترکہ طور پر 14 ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے، لونگی نگیڈی 16 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
بنگلہ دیش کے تجربہ کار شکیب الحسن 343 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ون ڈے آل راؤنڈر رینکنگ میں نمبر 1 پر براجمان ہیں، نیوزی لینڈ کے اسپنر مچل سینٹنر چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ گلین میکسویل آل راؤنڈرز کی درجہ بندی میں تین درجے آگے بڑھ کر آٹھویں نمبر پر آ گئے ہیں۔