news
English

بابر اعظم پاور پلے کو پاور نیپس میں بدلنے کے بادشاہ

پاکستانی ٹیم کے کپتان نے ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں 102.32 کے اسٹرائیک ریٹ سے 43 گیندوں پر 44 رنز بنائے

بابر اعظم پاور پلے کو پاور نیپس میں بدلنے کے بادشاہ

کرکٹ کی دنیا میں کنگ بابر کہلانے والے گرین شرٹس کے کپتان بابر اعظم پاور پلے کو پاور نیپس میں بدلنے کے بادشاہ ہیں۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان نے ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں 102.32 کے اسٹرائیک ریٹ سے 43 گیندوں پر 44 رنز بنائے۔  
بابر اعظم نے جمعرات کو ڈیلاس میں امریکہ کے خلاف 43 گیندوں پر اپنی اننگز کے دوران دو چھکے اور تین چوکے مارتے ہوئے 19 ڈاٹ بالز کھیلیں۔ 
ڈیلاس میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے اہم میچ میں امریکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو سپر اوور میں شکست دے دی۔ 
ڈیلاس کے گرینڈ پریری اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے گیارہویں میچ میں امریکا نے پاکستان کو شکست دیکر بڑا اپ سیٹ کردیا۔ مسلسل دو میچز میں کامیابی کے ساتھ امریکا کی ٹیم گروپ اے میں 4 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر آگئی ہے۔ 
میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے، جواب میں امریکا نے بھی 3 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بناکر اسکور برابر کردیا جس کے بعد میچ سپر اوور پر چلا گیا۔ 
سپر اوور میں امریکا نے بغیر کسی نقصان کے 18 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستان کی ٹیم ایک وکٹ کے نقصان پر 13 رنز ہی بناسکی اور امریکا 5 رنز سے میچ جیت گیا۔ 
پاکستان کی اننگز: 
قبل ازیں امریکا کے کپتان مونانک پٹیل نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے امریکا کو جیت کیلئے 160 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان کی طرف سے بابراعظم 44 اور شاداب خان 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، شاہین آفریدی 23 اور حارث رؤف 3 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔  
فخرزمان 11، افتخار احمد 18 اور عثمان خان صرف 3 رنز بناسکے، اعظم خان ایک بار پھر کھاتا کھولے بغیر ہی آؤٹ ہوگئے۔ 
امریکا کی طرف سے نوتھوش کینجیگے نے 3، سوربھ نیتراولکر نے 2 جبکہ علی خان اور جسدیپ سنگھ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
امریکا کی اننگز:
امریکا کے اوپنرز نے ہدف کے تعاقب میں 36 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ امریکا کی طرف سے مونامک پٹیل نے 50، ایرون جونزنے 36، اینڈریز گاوزنے 35 ، نتیش کمارنے 14 اور اسٹیون ٹیلر نے 12 رنز بنائے۔ 
پاکستان کی طرف سے محمد عامر، حارث رؤف اور شاہین آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
سپراوور:
پاکستان کی جانب سے سپر اوور محمد عامر نے کرایا جو مہنگا ثابت ہوا اور امریکا نے 18 رنز بنا کر پاکستان کو 19 رنز کا ہدف دیا۔ 
محمد عامر نے سپر اوور میں تین وائڈ بالز کیں جس پر امریکا کو 7 رنز اضافی حاصل ہوئے۔ 
سپر اوور میں ہدف کے تعاقب میں فخر زمان اور افتخار احمد پاکستان کی جانب سے بیٹنگ کے لیے آئے لیکن افتخار احمد پہلی گیند کھیلنے میں ناکام رہے، دوسری گیند پر چوکا لگانے کے بعد وہ تیسری گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ 
اس کے بعد شاداب خان کریز پر آئے جنہوں نے ایک چوکا لگاکر ٹیم کو میچ جتوانے کی کوشش کی تاہم وہ ٹیم کی نیا پار نہ لگا سکے اور پاکستان سپر اوور میں صرف 13 رنز ہی بنا سکا اور یوں امریکا نے ورلڈ کپ میں اپنے دونوں میچ جیت کر پوائنٹ ٹیبل پر پہلی نشست حاصل کرلی۔