سعید اجمل نے شاداب خان کی دستیابی کا اعلان کرتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں کی بین الاقوامی لیگز میں شرکت کی اہمیت پر زور دیا۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر سعید اجمل نے اعلان کیا کہ شاداب خان مکمل طور پر فٹ ہوں گے اور آئندہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2023 میں کھیلنے کے لیے دستیاب ہوں گے، اس سے قبل کچھ افواہیں گردش کررہی تھیں کہ شاداب خان پی ایس ایل میں شرکت نہیں کریں گے۔
سعید اجمل نے پاکستانی کھلاڑیوں کی بطور کرکٹرز کی ترقی کے لیے بین الاقوامی لیگز میں شرکت کی اہمیت پر زور دیا۔
سابق آف سپنر نے قومی ٹیم کے کپتان کے بارے میں تنقید پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بابر خود غرض ہے تو میں کہتا ہوں کہ ٹیم میں ایسے خود غرض 2، 3 ہونے چاہئیں۔
سابق ٹیسٹ اسپنر سعید اجمل نے بابر اعظم کو خود غرض بلے باز قرار دینے والے ناقدین کو کرارا جواب دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ دائیں ہاتھ کے بلے باز میچ ونر کھلاڑی ہیں۔ سابق آف اسپنر نے کہا کہ اگر بابر اعظم خود غرض بلے باز ہے تو مین اِن گرین کو دو یا تین مزید اس طرح کے خود غرض بلے بازوں کی ضرورت ہے۔
35 ٹیسٹ، 113 ون ڈے اور 64 ٹی ٹونٹی میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے سعید اجمل نے مزید کہا کہ "بابر اعظم ایک اچھے کھلاڑی ہیں اور ان کے کھیل کے کسی بھی منفی پہلو کو ٹھیک کیا جا سکتا ہے۔" 45 سالہ کرکٹر نے آل فارمیٹ کے کپتان کی برطرفی سے متعلق حالیہ افواہوں پر بھی توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ الگ کپتان کی ضرورت نہیں ہے۔ اگر انتظامیہ تبدیلیاں چاہتی ہے تو ریڈ اور وائٹ بال کرکٹ میں الگ الگ کپتان مقرر کرے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کراچی میں نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں ہوم سائیڈ کی شکست کے بعد دائیں ہاتھ کے کھلاڑی پر کڑی تنقید ہوئی۔ اگرچہ بابر اعظم نے دوسرے میچ میں 114 گیندوں پر 79 رنز بنائے، جو سیریز کی ان کی دوسری نصف سنچری تھی لیکن اسٹرائیک ریٹ کم ہونے کی وجہ سے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ بابر اعظم کراچی میں جاری تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں جنہوں نے 72.50 کی اوسط سے 145 رنز بنائے جس میں دو نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ مین اِن گرین کا مقابلہ آج نیشنل بینک کرکٹ ایرینا، کراچی میں سیریز کے فیصلہ کن معرکے میں کین ولیمسن کی قیادت میں نیوزی لینڈ کی ٹیم سے ہوگا۔