بابراعظم ٹی 20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کپتان بن گئے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اپنے کیریئر کا ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرلیا۔ بابر اعظم ٹی20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کپتان بن گئے۔ بابر اعظم نے آسٹریلیا کے ایرون فنچ کا ریکارڈ توڑ دیا، ایرون فنچ نے بطور کپتان 76 اننگز میں 2 ہزار 362 رنز بنائے تھے جبکہ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن 71 اننگز میں 2125 رنز سکور کرکے اس فہرست میں تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔
بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں اپنی اننگز کا 28 واں رن بناکر کر یہ سنگ میل عبور کیا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے میچ میں بابراعظم کی بطور کپتان 67 ویں اننگز تھی۔ بابر اعظم ٹی20 انٹرنیشنل میں 400 چوکے لگانے والے پہلے ایشیائی کرکٹر بھی بن گئے ہیں، انہوں نے تیسرے ٹی20 انٹرنیشنل میں 400 چوکوں کا سنگ میل بھی عبور کیا۔ اس سے قبل آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ نے ٹی20 انٹرنیشنل میں 407 چوکے لگانے کا اعزاز اپنے نام کررکھا ہے۔