آئی سی سی ورلڈ کپ کے کیپٹنز ڈے پر احمد آباد میں تمام دس ٹیموں کے کپتان جمع ہوئے، جس میں فوٹو سیشن اور پریس کانفرنس بھی کی گئی۔
آئی سی سی ورلڈ کپ کے باضابطہ آغاز سے قبل ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں ورلڈ کیپٹنز ڈے کا رنگا رنگ پروگرام منعقد ہوا جس میں گرین شرٹس کے قائد بابراعظم سمیت دیگر ٹیموں کے کپتان موجود تھے، میڈیا رپورٹس کے مطابق ورلڈ کیپٹنز ڈے پر پریس کانفرنس کلے دوران بریانی سے متعلق سوال پر بابراعظم نے دلچسپ جواب دیا۔
بھارت میں منعقدہ ورلڈ کیپٹنز ڈے پروگرام کے دوران میزبان کی جانب سے بریانی سے متعلق سوال کیا گیا جس پر پاکستانی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے دلچسپ جواب دیا اور سامعین ہنسے بغیر نہ رہ سکے۔
۔میزبان روی شاستری نے کپتان بابر سے سوال کیا کہ بریانی کیسی تھی، سوال سن کر بابراعظم اپنی ہنسی پر قابو نہ رکھ سکے اور ہنستے ہوئے جواب دیا کہ ’’ہم 100 مرتبہ بتا چکے ہیں‘‘۔
پھر بابراعظم نے سنجیدگی سے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’بریانی کافی اچھی رہی اور حیدرآباد سے متعلق یہ سن رکھا تھا کہ یہاں کی بریانی بہت اچھی ہے، اس لیے بریانی کھا کھا کربہت اچھا لگا‘‘۔
واضح رہے کہ ورلڈ کیپٹنز ڈے پروگرام کے لیے قومی ٹیم کے کپتان حیدر آباد سے خصوصی طیارے میں احمد آباد پہنچے تھے جہاں ان کی بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما سمیت دیگر ٹیموں کے کپتانوں سے ملاقات بھی ہوئی۔
گرین شرٹس کے کپتان بابر اعظم اور بلیو شرٹس کے کپتان روہت شرما ہال میں ایک ساتھ داخل ہوئے اور دوستانہ انداز میں نظر آئے، جسے شائقین نے خوب پسند کیا۔