news
English

دی 100 لیگ: پلئیرز ڈرافٹ میں 65 پاکستانی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن  

فرنچائزز نے محض 2 پاکستانی کرکٹرز کو برقرار رکھا ہے جبکہ حیرت انگیز طور پر رجسٹریشن کے عمل میں بابراعظم کا کہیں کوئی ذکر نہیں۔

دی 100 لیگ: پلئیرز ڈرافٹ میں 65 پاکستانی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن  

برطانوی ٹی20 لیگ ڈی ہنڈریڈ کے چوتھے ایڈیشن کے لئے پلئیرز ڈرافٹ میں 65 پاکستانی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن ہوگئی۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق 20 مارچ کو ہونے والے پلئیرز ڈرافٹ میں 60 مینز کرکٹرز جبکہ 5 ویمنز کھلاڑی شامل ہیں، فرنچائز نے محض دو پاکستانی کھلاڑیوں کو برقرار رکھا ہے جن میں مانچسٹر اوریجنل اسامہ میر جبکہ ویلش فائر کے حارث رؤف شامل ہیں۔ 
ڈرافٹ میں حسن علی اور نسیم شاہ کی ریزرو پرائس ایک لاکھ پاؤنڈز مقرر کی گئی ہے جو مہنگے ترین کرکٹرز میں شامل ہیں۔ 
حیرت انگیز طور پر 65 پاکستانی کرکٹرز کے دی ہنڈریڈ لیگ کے ڈرافٹ کے لیے اندراج کے موقع پر سابق قومی کپتان بابر اعظم کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔
دی 100 لیگ کے لیے رجسٹرڈ ہونے والے دیگر کھلاڑیوں میں شاداب خان اور افتخار احمد کی ریزرو پرائس 75 ہزار پاؤنڈ، محمد عامر، صائم ایوب، عامر جمال اور عبداللہ شفیق کی بیس پرائس 60 ہزار جبکہ فخر زمان، محمد حارث اور عماد وسیم کی ڈرافٹ میں ریزرو پرائس 50 ہزار پاؤنڈ ہے۔ 40 ہزار پاؤنڈز کی ریزرو پرائس والےکھلاڑیوں میں میرحمزہ، محمد حسنین اور اعظم خان شامل ہیں جبکہ 46 پاکستانی پلیئرز بغیر ریزرو پرائس کے رجسٹر ہوئے ہیں۔ جن میں سلمان آغا، ابرار احمد، عمر اکمل، آصف علی اور حیدر علی شامل ہیں جبکہ عمر امین، فہیم اشرف اور شاہنواز دھانی کے نام بھی بغیر ریزرو پرائس رجسٹر ہوئے ہیں۔  
زمان خان، شان مسعود، محمد نواز، رومان رئیس، سعود شکیل، حنین شاہ اور وسیم جونیئر کے نام بھی بغیر ریزرو پرائس کےپاکستانی کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ 
ویمنز کرکٹرز میں ارم جاوید، ندا ڈار اور فاطمہ ثنا 17 ہزار 500 پاؤنڈ کی ریزرو پرائس کے ساتھ رجسٹر ہوئیں جبکہ عالیہ ریاض اور جویریہ رؤف بغیر ریزرو پرائس کے ڈرافٹ میں شامل ہیں۔  
دی ہنڈریڈ لیگ کا چوتھا ایڈیشن رواں سال جولائی میں شروع ہوگا، چوتھے ایڈیشن میں مینز اور ویمنز کی 8-8 ٹیمیں حصہ لیں گی، ایونٹ کا پہلا میچ 23 جولائی کو لارڈز کے کرکٹ گراؤنڈ میں برمنگھم فینیکس اور اوول انوینسیبلز کے درمیان کھیلا جائے گا۔