قومی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز ٹی 20 کرکٹ میں 3000 پارٹنرشپ رنز بنانے والی پہلی جوڑی بن گئے۔
گرین شرٹس کے کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ٹی 20 کرکٹ میں پارٹنرشپ کے نئے ریکارڈ قائم کردیئے۔ دونوں مایہ ناز بلے باز انٹرنیشنل ٹی20 میں 10 سنچری پارٹنر شپس کرنے والی پہلی جوڑی بن گئے جبکہ دونوں کھلاڑی پارٹنرشپ میں 3 ہزار رنز بنانے والی پہلی جوڑی بھی بن گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈبلن میں آئرلینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹونٹی میچ کے دوران پاکستان کے وائٹ بال کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے منفرد ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ بابر اور رضوان کو ٹی 20 کی عظیم ترین بیٹنگ جوڑیوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے اور جوڑی کے طور پر انہوں نے اپنی شاندار کارکردگی کو جاری رکھا اور 3000 پارٹنرشپ رنز بنانے والی دنیا کی پہلی جوڑی بن گئے۔ وہ 10 سنچری اسٹینڈز رکھنے والی پہلی بیٹنگ جوڑی بھی بن گئے ہیں۔ ان کے قریب ترین جوڑی بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما اور کے ایل راہول کی 5 سنچریوں کی شراکت داری ہے۔ جبکہ ٹی20 انٹرنیشنل میں بابر اعظم کی محمد رضوان کے ساتھ 17 ویں سنچری پارٹنرشپ تھی، وہ سب سے زیادہ ٹی 20 انٹرنیشنل سنچری پارٹنرشپ قائم کرنے والے کھلاڑی ہیں جبکہ ان کے ساتھ محمد رضوان نے 13 ویں مرتبہ سنچری پارٹنرشپ میں حصہ داری نبھائی ہے۔
اس میچ میں 75 رنز کی انفرادی اننگز کے ساتھ بابر اعظم سب سے زیادہ 50 رنز سے زیادہ کی اننگز کھیلنے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں، یہ بابر اعظم کا 39 واں ففٹی پلس اسکور ہے، بھارت کے ویرات کوہلی نے 38 ففٹی پلس اسکور بنائے ہیں۔ ڈبلن میں کھیلے جانے والے میچ کے 14ویں اوور میں بابر اعظم نے بین وائٹ کو چار چھکے لگاتے ہوئے ایک اوور میں 25 رنز بنائے، یہ ٹی20 انٹرنیشنل میں ایک اوور میں کسی بھی پاکستانی بیٹرکی جانب سے بنایا جانے والا سب سے زیادہ اسکور ہے۔ ان سے قبل عامر جمال، خوشدل شاہ، آصف علی اور محمد رضوان ایک اوور میں 24 رنز بناچکے ہیں، تاہم بابر اعظم ان سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نئے افق چھورہے ہیں۔