news

آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ رینکنگ میں بابراعظم کی ٹاپ 3 میں واپسی

ٹی 20 بیٹنگ رینکنگ میں یشسوی جیسوال اور شبھمن گل نے نمایاں پیش رفت کرتے ہوئے بابر اعظم اور محمد رضوان کو درجہ بندی میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ رینکنگ میں بابراعظم کی ٹاپ 3 میں واپسی

آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ رینکنگ میں انگلش کرکٹر جو روٹ نمبر ون ٹیسٹ بیٹر بن گئے جبکہ بابراعظم کی ٹاپ تھری میں واپسی ہوئی ہے۔  
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )نے پلیئرز کی تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی ہے جس میں انگلینڈ کے تجربہ کار کھلاڑی جو روٹ نمبر ون ٹیسٹ بیٹر بن گئے، بابر اعظم نے بھی ایک درجہ ترقی کے بعد تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔
آئی سی سی کی تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق انگلش اسٹار کرکٹر جو روٹ نے نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹیسٹ بیٹرز رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے، یہ 9واں موقع ہے جب جوروٹ نے ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔ 
نیوزی لینڈ کے اسٹار کرکٹرکین ولیمسن ایک درجے تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر آگئے ہیں جبکہ پاکستان کے اسٹار بیٹربابر اعظم ایک درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے ہیں، نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ 
آسٹریلیا کے اسٹیو سمتھ اور بھارتی کپتان روہت شرما ایک ایک درجہ بہتری کے بعد بالترتیب پانچویں اور چھٹے نمبر پر آگئے ہیں۔ ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں بھارت کے روی چندرن ایشون کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ دوسرے اور بھارت کے جسپریت بھمراہ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ 
ویسٹ انڈیز کے خلاف حال ہی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں 7 وکٹیں حاصل کرکے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ اپنے نام کرنے والے فاسٹ بائولر مارک ووڈ اپنے ٹیسٹ کیریئر میں پہلی مرتبہ ٹاپ 20 پلیئرزمیں شامل ہوگئے ہیں۔ ٹیسٹ آل راؤنڈرز رینکنگ میں بھارت کے رویندرا جدیجا پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔