قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایک بار پھر پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد کردیا
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مئی کے لیے پلیئر آف دی منتھ کی نامزدگیوں کا اعلان کر دیا ہے۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو ایک بار پھر اس ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
بابر اعظم کے علاوہ بنگلہ دیش کے نجم الحسین اور آئرلینڈ کے ہیری ٹیکٹر بھی پلیئر آف دا منتھ ایوارڈ کے لیے امیدوار ہیں۔
کپتان بابراعظم اس سے قبل بھی آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ حاصل کرچکے ہیں جب کہ وہ دو بار پلیئر آف دی ایئر اور سرگارفلیڈ سوبرز ’’کرکٹر آف دی ایئر‘‘ کا ایوارڈ بھی اپنے نام کرچکے ہیں۔
قومی ٹیم کے کپتان کی کرکٹ کے لیے خدمات کا اعتراف حکومت پاکستان نے بھی کیا اور رواں سال انہیں تمغہ امتیاز سے نوازا گیا تھا۔
بابر اعظم کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم تینوں فارمیٹس میں کامیابیاں سمیٹ رہی ہے اور رواں سال قومی ٹیم کو ایشیا کپ اور ورلڈ کپ جیسے بڑے ایونٹ میں دنیائے کرکٹ کی بڑی ٹیموں سے ٹکرانا ہے۔