news
English

بابراعظم نے ویرات کوہلی کا ایک اورریکارڈ توڑنے پرنظریں جمالیں

موجودہ ریکارڈ ویرات کوہلی کے پاس ہے جنہوں نے بطور کپتان 36 اننگز میں 2000 ون ڈے انٹرنیشنل رنز بنائے۔

بابراعظم نے ویرات کوہلی کا ایک اورریکارڈ توڑنے پرنظریں جمالیں

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ویرات کوہلی کے ایک اور ریکارڈ کو توڑنے پر نظریں مرکوز کرلیں۔ 
بابراعظم اب تیز ترین 2 ہزار ون ڈے رنز بنانے سے محض 6 قدم دور ہیں، یہ ریکارڈ کوہلی نے بطور کپتان 36 اننگز میں بنایا تھا جبکہ بابر 30 اننگز میں 1994 رنز بناچکے ہیں۔ بابراعظم کو ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑنے کا سنہری موقع بھارت کے خلاف ہی 2 ستمبر کو ہونے والے میچ میں ملے گا، جہاں دونوں ٹیمیں اپنے گروپ میچ میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔ 
قبل ازیں گزشتہ روز ایشیا
ءکپ کے پہلے میچ میں کپتان بابراعظم نے نیپال کے خلاف 131 گیندوں پر 151 رنز بناتے ہوئے کم اننگز میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا جنوبی افریقی بیٹر ہاشم آملہ کا ریکارڈ توڑا تھا۔ جہاں ہاشم آملہ نے 19 ون ڈے سنچریاں اسکور کرنے میں 104 اننگز کھیلی وہیں پاکستانی کپتان نے 102 اننگز میں یہ کارنامہ سر انجام دیا۔ 
بابراعظم، نیپال کے خلاف اپنی 151 رنز کی اننگز کے ساتھ اب 19 ون ڈے سنچریاں بنانے والے تیز ترین بلے بازوں کی فہرست میں سرِ فہرست آگئے ہیں۔ ہاشم آملہ (104)، ویرات کوہلی (124)، ڈیوڈ وارنر (139) اور اے بی ڈی ویلیئرزنے (171) اننگز میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ 
دوسری جانب  قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ میرے بارے میں کوہلی کے الفاظ کسی اعزاز کم نہیں۔‘‘
براڈ کاسٹرز نے دونوں کرکٹرز کے ایک دوسرے کے بارے میں تاثرات کی ویڈیو جاری کی ہے۔ ایشیا
ءکپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹاکرے سے قبل براڈ کاسٹرز نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کی ویرات کوہلی کے حوالے سے ویڈیو شیئر کی ہے۔ ایشیاءکپ کے براڈ کاسٹر اسٹار اسپورٹس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر دونوں کرکٹرز کے ایک دوسرے سے متعلق ردعمل کی ویڈیو شیئر کی جس میں کپتان بابراعظم سابق بھارتی کپتان اور مڈل آرڈر بیٹر کوہلی کی تعریف کو اپنے لیے اعزاز قرار دیتے ہیں، دونوں کھلاڑیوں کے مداحوں کی جانب سے اس ویڈیو کو خوب سراہا جارہا ہے۔ 
بابراعظم نے بتایا کہ سال 2019 میں ویرات کوہلی سے پہلی بار ملاقات ہوئی تھی، وہاں اِن سے بات چیت کی اور بہت کچھ سیکھا۔ 
ویڈیو میں سال 2022 میں ویرات کوہلی کے بابراعظم سے متعلق تاثرات کو بھی شامل کیا گیا ہے جس میں وہ یہ کہتے دکھائی دیتے ہیں کہ بابراعظم تمام فارمیٹ کا بہترین کھلاڑی ہے، ان کے رویے میں آج تک کوئی تبدیلی نہیں آئی، اس حقیقت کے باوجود کہ اب دنیا کے ٹاپ کرکٹرز میں اِن کا شمار ہوتا ہے۔ 
واضح رہے کہ ایشیا
ءکپ میں پاک بھارت ٹیمیں 2 ستمبر کو سری لنکا میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔