news
English

تیسرے ٹی 20میں پاکستان کی شکست، بابراعظم نے وجہ بتادی

نیوزی لینڈ کے مارک چیپ مین کی زبردست بلے بازی نے میچ میں مہمان ٹیم کی شاندار واپسی میں اہم کردار ادا کیا، بابراعظم

تیسرے ٹی 20میں پاکستان کی شکست، بابراعظم نے وجہ بتادی

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں پاکستان کی شکست کے بارے میں کھل کر اظہارِ خیال کردیا۔ 
اتوار کےروز راولپنڈی میں کھیلےگئےسیریز کے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹیم پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے اپنی ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر غور کیا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور بورڈ پر 4-178 رنز سجائے تھے تاہم، میچ کے بعد کی پریزنٹیشن میں بات کرتے ہوئے بابراعظم نے تسلیم کیا کہ ان کی ٹیم اگر 10 رنزمزید بنالیتی تو صورتحال مختلف ہوسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں لگتا کہ درمیانی اوورز کے دوران سست رن ریٹ نے زیادہ فرق پیدا کیا کیونکہ ہم نے میچ پر گرفت حاصل کرلی تھی، ہاں آپ کہہ سکتے ہیں کہ ہم نے 10 رنز کم بنائے، جس سے صورتحال بدل گئی۔ 
مزید برآں، بابراعظم نے محمد رضوان کی انجری کے اثرات پر بھی بات کی،اس دھچکے کے باوجود، بابراعظم نے شاداب خان کی ٹھوس شراکت قائم کرنے کی کوششوں کی تعریف کی۔ 
ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے، ہمیں رضوان کی انجری کے ساتھ تھوڑا سا دھچکا لگا کیونکہ یہ نئے بلے بازوں کے لیے آسان نہیں تھا کہ وہ رضوان کی طرح پرفارم کرپاتے لیکن میرے خیال میں شاداب نے اچھی طرح سے اپنی موجودگی ظاہر کی اور عرفان کے ساتھ شاندار شراکت داری کی۔ راولپنڈی کے اسٹیڈیم میں 180-190 برابر کا سکور ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیٹنگ میں ہم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اگر ہم دس رنز مزید بنالیتے تو میچ کا پانسہ پلٹ سکتا تھا۔۔ 
غور طلب بات یہ ہے کہ نیوزی لینڈ کے مارک چیپ مین نے مہمان ٹیم کی میچ میں شاندار واپسی میں اہم کردار ادا کیا اور انہیں سات وکٹوں سے فتح دلائی۔ اس جیت سے پانچ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی جبکہ لاہور میں سیریز کے دو میچ باقی ہیں۔ 
گرین شرٹس اور بلیک کیپس کے درمیان فیصلہ کن چوتھا اور پانچواں میچ 25 اور 27 اپریل کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔