news
English

جیت کے بعد بابر اعظم کی بلے بازوں کی تعریف، بولرز پر تنقید

کپتان بابر نے سیریز میں پہلی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور اس جیت کی وجہ اپنے بلے بازوں کی غیر معمولی کارکردگی کو قرار دیا۔

جیت کے بعد بابر اعظم کی بلے بازوں کی تعریف، بولرز پر تنقید

پاکستانی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے آئرلینڈ کے خلاف 3 میچز کی ٹی 20 سیریز کے دوسرے میچ میں جیت کا کریڈٹ بلے بازوں کو دے دیا۔ انہوں نے آئرلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں گرین شرٹس کی پہلی جیت کے بعد بلے بازوں کی تعریف کی اور بولرز کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ 
تفصیلات کے مطابق ڈبلن میں کھیلے گئے میچ میں بلے باز وکٹ کیپر محمد رضوان، جارحانہ بلے باز فخر زمان اور اعظم خان کی شاندار پرفارمنس کی بدولت قومی ٹیم نے 193 رنزکا ہدف 17ویں اوورز میں حاصل کرلیا۔ 
میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے انکشاف کیا کہ انہوں نے 18ویں اوور سے پہلے ہدف کا تعاقب کرنے کا پلان بنایا تھا اور وہ اپنے پلان کو مؤثر طریقے سے انجام دینے میں کامیاب رہے۔ 
انہوں نے کہا کہ ’میں خوش ہوں، آج کی جیت کا کریڈٹ تمام بلے بازوں کو جاتا ہے، بولنگ کرنے کے بعد ہم نے 18ویں اوور سے پہلے ہدف مکمل کرنے کا فیصلہ کیا تھا، ہم نے ابتدائی طور پر کچھ وکٹیں گنوائیں لیکن ہار نہیں مانی‘۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ ’پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ اچھا تھا کیونکہ بادل چھائے ہوئے تھے اور تھوڑی بارش ہورہی تھی، دوسرے ہاف میں بولنگ اچھی تھی لیکن جس طرح سے آئرلینڈ نے آخری تین اوورز کھیلے اس کا سارا کریڈٹ انہیں جاتا ہے۔‘ 
بابراعظم نے آخر میں کہا کہ ’فخر زمان بہت تجربہ کار بلے باز ہیں، انہوں نے حالات کے مطابق کھیلا، ہم اگلے میچ میں 100 فیصد پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے، ڈبلن میں پاکستانی شائقین کو دیکھ کر بہت پُرجوش ہوں۔‘  
یاد رہے کہ گزشتہ روز ٹیم پاکستان نے فخر زمان اور محمد رضوان کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت آئرلینڈ کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔ 
پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان میچ کا ٹاس بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہوا اورمقررہ وقت کے 45 منٹ کے بعد ٹاس کیا گیا، کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے آئرلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ آئرلینڈ نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے۔ 
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے تین وکٹیں لیں، عباس آفریدی نے دو جبکہ عامر اور نسیم نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔ 
پاکستان کی بیٹنگ کا آغاز ہو اتو کپتان بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے، جبکہ سائم ایوب صرف 6 رنز بناسکے۔ 13 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد محمد رضوان کا ساتھ دینے فخر زمان آئے اور دونوں نے اپنی جارحانہ بیٹنگ سے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ 
دونوں کھلاڑیوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں اور 77 گیندوں پر 140 رنز کی شراکت قائم کرکے پاکستان کو فتح کی راہ پر گامزن کیا۔ 
فخر زمان نے 40 گیندوں پر 6 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 78 رنز بنائے لیکن 153 کے مجموعے پر بین وائٹ نے بائیں ہاتھ کے بلے باز کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔ محمد رضوان نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 46 گیندوں پر 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 75 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ 
یاد رہے کہ سیریز کے پہلے ٹی20 میچ میں آئرلینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔