news
English

بابراعظم نے اپنے کیریئر کا ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرلیا

کپتان بابر اعظم نے ٹی 20 کرکٹ میں زیادہ سے زیادہ میچز میں کپتانی کرنے کا آسٹریلیا کے سابق کپتان ایرون فنچ کا ریکارڈ برابر کر دیا۔

بابراعظم نے اپنے کیریئر کا ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرلیا

قومی کر کٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ میچز میں کپتانی کرنے کا آسٹریلیا کے سابق کپتان ایرون فنچ کا ریکارڈ برابر کرکے اپنے کیریئر کا ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرلیا۔  
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے وائٹ بال کپتان بابراعظم نےنیوزی لینڈ کے خلاف پانچویں ٹی ٹوئنٹی میچ میں 76 ویں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں کپتانی کے فرائض سرانجام دیئے، آسٹریلیا کے سابق کپتان ایرون فنچ نے بھی 76 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں کپتانی کے فرائض انجام دیئے تھے۔ اس کے علاوہ بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ چوکے لگانے والے بلے باز بھی بن چکے ہیں، قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے نیوزی لینڈ کے خلاف لاہور میں کھیلے گئے سیریز کے پانچویں اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں سب سے زیادہ چوکے لگانے کا ریکارڈ توڑا۔
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ چوکے مارنے کا ریکارڈ آئرلینڈ کے پال اسٹیئرلنگ کے پاس تھا جنہوں نے اب تک 407 چوکے لگارکھے ہیں جب کہ بابر اعظم نے 408 چوکے لگا کر یہ اعزاز اپنے نام کرلیا۔ 
پاک نیوزی لینڈ سیریز کے آخری میچ میں بابراعظم نے 69 رنز کی زبردست اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 2 چھکےاور 6 چوکے شامل تھے۔
دوسری طرف انگلینڈ کے کرکٹر عادل رشید نے کہا ہے کہ بابر اعظم کے خلاف بولنگ کو خوب انجوائے کرتا ہوں، بابر اعظم ایک ورلڈ کلاس بیٹر ہیں اور اسپن اور فاسٹ بولنگ دونوں کو بہترین طریقے سے کھیلتے ہیں، مئی میں پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ہماری تیاری مکمل ہے، امید ہے ہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کا دفاع کرنے میں کامیاب ہوں گے۔