news
English

آئرلینڈ کے خلاف سیریز میں پاکستان کی فتح، بابراعظم کا ردِعمل

کپتان بابر نے ابتدائی دس اوورز میں آئرلینڈ کی جانب سے جارحانہ بلے بازی کے مظاہرہ کو تسلیم کیا لیکن گرین شرٹس کی بہترین پرفارمنس کے لیے پاکستان کی بولنگ لائن اپ کی تعریف کی۔

آئرلینڈ کے خلاف سیریز میں پاکستان کی فتح، بابراعظم کا ردِعمل

پاکستان نےڈبلن میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں آئرلینڈ کو شکست دے کر تین میچوں پر مشتمل سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔ 
تفصیلات کے مطابق ڈبلن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں پاکستان نے آئرلینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی، آئرلینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے 179 رنز کا ہدف دیا تھا جو پاکستان نے 17 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا اور تین میچز کی سیریز دو ایک سے اپنے نام کرلی۔ 
میچ کے بعد کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، بابراعظم نے ابتدائی دس اوورز میں آئرلینڈ کی جانب سے جارحانہ بلے بازی کے مظاہرہ کو تسلیم کیا لیکن بہترین کھیل پیش کرنے کے لیے پاکستان کی بولنگ لائن اپ کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ "آئرلینڈ کے بلے بازوں کو کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے پہلے 10 اوورز میں کس طرح بیٹنگ کی لیکن (اس کے بعد) سارا کریڈٹ ہمارے باؤلرز کو جاتا ہے۔ شاہین، عامر، عباس، عماد وسیم اور حسن علی نے جس طرح سے گیند بازی کی - 10 اوورز کے بعد وہ 110 ہوگئے۔ ہم 180-190 یا 200 تک دیکھ رہے تھے لیکن ہم نے کچھ وکٹیں حاصل کیں اور ان پر دباؤ ڈالا اس لیے وہ 4 اوورز بہت اچھے تھے۔،، 
دائیں ہاتھ کے بلے باز نے وکٹ کیپر بیٹر رضوان کے ساتھ مل کر 139 رنز کی میچ وننگ پارٹنرشپ قائم کرنے میں ان کے اہم کرداروں پر روشنی ڈالتے ہوئے موثر رابطے اور ٹیم ورک کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ درمیان میں ہماری اچھی بات چیت تھی کیونکہ ہم نے ایک ساتھ بہت ساری کرکٹ کھیلی ہے، ہم یقین کے ساتھ اپنے بل بوتے پر کھیلنے کی کوشش کر رہے تھے اور اس کا مقصد رن ریٹ کے ساتھ میچ کرنا تھا۔،، 
واضح رہے کہ آئرلینڈ کا دیا گیا179 رنز کا ہدف پاکستان نے 17 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے بابراعظم نے 75 اور محمد رضوان نے 56 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، صائم ایوب 14 اور افتخار احمد صرف 5 رنز بنا سکے، اعظم خان 18 اور عماد وسیم 1 رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ آئرلینڈ کی طرف سے مارک ایڈیئر نے 3 اور کرگ ینگ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
 
قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا، آئرلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔ لورکن ٹکر نے 73 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ اینڈی بیلبرین 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ہیری ٹیکٹر 30 اور گراہم ہوم 10 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، اس کے علاوہ کوئی بھی آئرش بیٹر ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکا۔ 
پاکستان کی طرف سے شاہین آفریدی نے 3، عباس آفریدی نے 2، محمد عامر اور عماد وسیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
سیریز کے پہلے میچ میں آئرلینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے ٹی20 میں پاکستان 7 وکٹوں سے فاتح رہا تھا۔ 
آئرلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد پاکستانی ٹیم چار ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز کے لیے انگلینڈ روانہ ہوگی جہاں 22 سے 30 مئی تک میچز شیڈول ہیں۔ 
پاکستان کااسکواڈ: 
بابر اعظم (کپتان)، صائم ایوب، محمد رضوان، فخر زمان، اعظم خان، افتخار احمد، عماد وسیم، شاہین آفریدی، حسن علی، عباس آفریدی اور محمد عامرپرمشتمل ہے۔ 
آئرلینڈکااسکواڈ: 
مارک ایڈیئر، راس ایڈیئر، اینڈریو بالبرنی، کرٹس کیمفر، جارج ڈوکریل، گراہم ہیوم، نیل راک، ہیری ٹییکٹر، لورکن ٹکر، بین وائٹ اور کرگ ینگ پر مشتمل ہے۔