news
English

بابراعظم تینوں فارمیٹس میں ٹاپ 5 بلے بازوں کی فہرست میں شامل واحد کھلاڑی

پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان ون ڈے رینکنگ میں پہلے، ٹی 20 رینکنگ میں چوتھے اور ٹیسٹ رینکنگ میں 5ویں نمبر پر براجمان ہیں۔

بابراعظم تینوں فارمیٹس میں ٹاپ 5 بلے بازوں کی فہرست میں شامل واحد کھلاڑی

قومی ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں ٹاپ 5 بیٹرز کی فہرست میں شامل واحد کھلاڑی بن گئے۔  
تفصیلات کے مطابق ون ڈے رینکنگ میں سابق پاکستانی کپتان بابراعظم کی 824 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن تاحال برقرار ہے۔ بھارتی بلے باز شبھمن گل 801 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر اور ویرات کوہلی 768 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ چارتھ اسالنکا سیریز کے دوسرے میچ میں ناقابل شکست 97 رنز کی زبردست اننگز کھیلنے کے باعث مجموعی طور پر پانچ درجے چھلانگ لگا کر 15 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، پتھم نسانکا نے سیریز کے افتتاحی میچ میں ڈبل سنچری بنائی جس کے باعث وہ 10 درجے بہتری کے بعد 18 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ سدھیرا سماراویکراما نصف سنچری کی وجہ سے چھ درجے ترقی پاکر41 ویں نمبر پرآگئے ہیں۔ 
دوسری جانب سری لنکا کے خلاف شاندار سنچری کے بعد ون ڈے آل راؤنڈر رینکنگ میں ایک نیا کھلاڑی سرفہرست آگیا ہے۔ 
افغانستان کے تجربہ کار کھلاڑی محمد نبی نے تازہ ترین آئی سی سی مینزون ڈے آل راؤنڈر رینکنگ میں شکیب الحسن کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن سنبھال لی ہے۔ شکیب الحسن 50 اوورز کی کرکٹ میں پانچ سال سے زیادہ عرصے تک پہلی پوزیشن پر فائز رہے لیکن مسلسل انجریز اور افغان کھلاڑی کی کچھ اچھی حالیہ پرفارمنسز کے سبب انہیں اپنی پوزیشن سے محروم ہونا پڑا۔ 
سری لنکا کے خلاف افغانستان کی تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے افتتاحی میچ کے دوران محمد نبی نے 136 کی شاندار اننگز کھیلی تھی جس کی بدولت وہ نمبر 1 پر پہنچ گئے ہیں جبکہ 39 سالہ بیٹر نے اسی مقابلے میں ایک وکٹ بھی حاصل کر کے ایک مقام ترقی پائی اور ون ڈے بولرز کی تازہ ترین درجہ بندی میں ساتویں نمبر پر آگئے۔ جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریاں اسکور کرنے والے کین ولیمسن کی پہلی پوزیشن 883 پوائنٹس کے ساتھ برقرار ہے۔ 
بابراعظم 768 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں نمبر پر ہیں۔ نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولرکائل جیمیسن پروٹیز کے ساتھ ماؤنٹ مونگانوئی کے مقابلے میں چھ وکٹوں کے بعد مجموعی طور پر آٹھویں نمبر پر آگئے ہیں۔ بھارت کے رویندرا جدیجا اب بھی اس زمرے میں آگے ہیں۔ 
ٹی ٹونٹی رینکنگ میں آسٹریلیا کے گلین میکسویل11 درجے ترقی کر کے 24 ویں نمبر پرآگئے، ٹم ڈیوڈ 35 درجے ترقی کر کے 27 ویں نمبر پر اور ڈیوڈ وارنر 19 درجے ترقی کر کے 36 ویں نمبر پرآگئے ہیں۔ 
ویسٹ انڈیز کے روومین پاول چار درجے ترقی کر کے 25ویں نمبر پر اور جانسن چارلس 12 درجے ترقی کر کے 38ویں نمبر پرپہنچ گئے ہیں۔ 
ٹیم پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 800 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں اور ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ رینکنگ میں بابر اعظم 764 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔ اس وقت سرفہرست مقام بھارتی بیٹر سوریا کمار یادیو کے پاس ہے جو 861 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں۔
آسٹریلیا کے ایڈم زمپا ٹی20 بولنگ چارٹس میں سب سے بڑے موور ہیں کیونکہ اسپنر پانچ درجے چھلانگ لگا کر انگلینڈ کے عادل رشید کے برابر 11 ویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ آسٹریلیا کے مارکس اسٹوئنس ٹی20 آل راؤنڈرز کی فہرست میں تین درجے ترقی پاکر دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔