news
English

بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنےوالی ٹیم کے کپتان بالآخر وطن پہنچ گئے  

پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد کئی کھلاڑی ایک ہفتے کی تاخیرکے بعد امریکہ سے وطن واپس پہنچے تھے۔

بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنےوالی ٹیم کے کپتان بالآخر وطن پہنچ گئے  

امریکا اور ویسٹ انڈیز میں جاری آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیم کے کپتان بابر اعظم وطن واپس پہنچ گئے، پری سیزن فٹنس کیمپ کراچی میں شروع ہوگیا۔ قومی ٹیم کے کلپتان کی چیرمین پی سی بی محسن نقوی سے جلد ملاقات متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹی20 ورلڈکپ کے پہلے راؤنڈ سے باہر ہونے والی قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم بالآخر وطن واپس پہنچ گئے۔ پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد کئی کھلاڑی ایک ہفتے کی تاخیرکے بعد امریکہ سے وطن واپس پہنچے تھے۔ 
کپتان بابراعظم نیویارک سے براستہ دبئی لاہور پہنچے، وہ آئندہ چند روز میں چیرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کرکے میگا ایونٹ میں گرین شرٹس کی کارکردگی سے متعلق اپنا موقف پیش کریں گے۔  
ٹی20 ورلڈکپ سے باہر ہونے کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بعض کھلاڑی ایک ہفتے قبل امریکا سے وطن واپس پہنچ گئے تھے جب کپتان بابراعظم سمیت حارث رؤف، عماد وسیم، اعظم خان اور محمد عامر ٹیم کے ہمراہ واپس نہیں آئے تھے۔  
دوسری جانب امریکا کے شہر فلوریڈا میں ہی ایک فین کی جانب سے فاسٹ بولر حارث رؤف کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا جس پر بات ہاتھا پائی تک پہنچ گئی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بابر،اعظم شاداب خان اور دیگر کھلاڑیوں نے ٹیم کے ٹورنامنٹ سے جلد باہر ہونے کے بعد شائقین اور میڈیا کی جانب سے شدید تنقید کے بعد امریکا میں اپنی عوامی بات چیت کم کردی تھی۔ رویے میں یہ تبدیلی ایک وائرل ویڈیو کے بعد سامنے آئی ہے جس میں 30 سالہ حارث رؤف کو ایک مداح کا سامنا کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے جس نے منفی ریمارکس پاس کیے تھے۔ ان کی اہلیہ اور دوستوں کی جانب سے روکنے کی کوششوں کے باوجود، حارث رؤف نے فین کے ساتھ گرما گرم زبانی جھگڑا کیاتھا۔
ادھر کراچی میں پری سیزن فیلڈنگ اور فٹنس کیمپ کا آغاز ہوگیا ہے۔ صبح کے سیشن میں کیمپ کمانڈنٹ محمد مسرور نے کھلاڑیوں کو کیمپ کی سرگرمیوں کےبارےمیں آگاہ کیا۔
پری سیزن فٹنس اور فیلڈنگ کیمپ کے لیے منتخب کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق، فیصل اکرم، حسیب اللہ، حنین شاہ، امام الحق، کامران غلام، کاشف علی، خرم شہزاد، مہران ممتاز، محمد حارث، محمد حریرہ، محمد وسیم جونیئر، مبشر خان، محمد عرفان خان، عمیر بن یوسف، صاحبزادہ فرحان، سمین گل، سرفراز احمد، سعود شکیل، شاہنواز دھانی، طیب طاہر، عمر امین، عثمان قادر اور زاہد محمودشامل ہیں۔
اگلے ہفتے کیمپ میں مزید ایک کھلاڑی کو شامل کیا جائے گا۔